چوبیس اسپیشل کوآرڈینیٹرز کی جگہ دس اسپیشل کوارڈینیٹرز لینے کی سمری منظوری کرلی گئی ہے، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ

منگل 27 فروری 2024 17:49

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ چوبیس اسپیشل کوآرڈینیٹرز کی جگہ دس اسپیشل کوارڈینیٹرز لینے کی سمری منظوری کرلی گئی ہے، جس پر انہوں نے دستخط بھی کر دیئے ہیں، وزیراعلی کو کوآرڈینیٹرز کی ضرورت ہوگی اس لئے انہوں نے سمری منظوری کیلئے انہیں بھجوائی ، میں نے سمری کچھ روز اپنے پاس رکھنے کے بعد اس کی منظوری دیدی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیدمہدی شاہ نے کہاکہ صوبائی حکومت کی مالی پوزیشن کیا ہے اور کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی ہونی چائے یا نہیں اس بارے میں وزیراعلی ہی بہتر بتا سکتے ہیں، سمری میرے پاس آئی تو میں نے منظوری دیدی۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن ایسی نہیں ہے کہ وفاق میں حکومت بننے کے بعد ہم یہاں کسی قسم کی کوئی تبدیلی لائیں۔

وزیراعلیٰ حاجی گلبرخان کے پاس اسمبلی میں واضح اکثریت ہے، ہمارا ایسا کوئی ارادہ ہے اور نہ ہی اسمبلی میں ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ ہم یہاں اپنی حکومت قائم کریں۔ ہماری کوئی خواہش نہیں ہے کہ یہاں حکومت کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی جائے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہتے ہیں کسی غیر جمہوری، غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔