Live Updates

القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

DW ڈی ڈبلیو منگل 27 فروری 2024 19:20

القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 27 فروری 2024ء) پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ایک احتساب عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر رشوت میں ایک زمین لینے سے متعلق مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں نے ہی صحت جرم سے انکار کیا ہے۔

یہ مقدمہ ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم القادر ٹرسٹ سے متعلق ہے، جو عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 2018 ء میں اُس وقت قائم کیا تھا جب عمران خان وزیر اعظم تھے۔ اس کیس میں استغاثہ کا عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے اس ٹرسٹ کو رئیل اسٹیٹ ڈویلپر ملک ریاض سے رشوت میں زمین لینے کے لیے استعمال کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو اس مقدمے کی سماعت اسی اڈیالہ جیل میں ہوئی، جہاں عمران خان قید ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق فرد جرم عائد ہونے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں نے ہی صحت جرم سے انکار کیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق عدالت نے اس کیس کی سماعت چھ مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے اگلی سماعت پر قومی احتساب بیورو کے پانچ گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔

دریں اثناء پی ٹی آئی نے عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے کی مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا،'' جیل کی دیواروں کے پیچھے مقدمات کی سماعت کرنے کا مقصد انصاف کے اسقاط کی راہ ہموار کرنا ہے۔

‘‘

71 سالہ عمران خان گزشتہ اگست سے متعدد مقدمات کے سلسلے میں جیل میں ہیں اور خود پر لگے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ انہیں پہلے ہی بدعنوانی کے دو مقدمات میں سزا ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ان کے سیاست میں حصہ لینے پر بھی 10 سال تک پابندی عائد ہے۔

عمران خان کے علاوہ بھی ان کی جماعت کے متعدد لیڈران کو مختلف کیسز میں سزا سنائی جا چکی ہے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اس کے خلاف ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری ایک کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔

اس کے باوجود آٹھ فروری کو ہونے والے حالیہ انتخابات میں جیتنے والوں میں سب سے بڑی تعداد پی ٹی آئی سے منسلک آزاد امیدواروں کی تھی۔

تاہم پی ٹی آئی کی مخالف پارٹیوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے آپس میں ایک سیاسی اتحاد کے بعد مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

ک م / م ا(روئٹرز)

Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات