سری لنکا کی قومی ایئر لائن کے طیارے میں چوہے کی موجودگی پر لاکھوں ڈالر کا نقصان

ایئرلنکا کی پروازکے لاہور سے روانگی کے بعد چوہے کی موجودگی کا انکشاف ہوا‘ایئربس کو تین دن کے لیے گراﺅنڈ کرنا پڑا. ایئرلائن حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 28 فروری 2024 11:45

سری لنکا کی قومی ایئر لائن کے طیارے میں چوہے کی موجودگی پر لاکھوں ڈالر ..
کولمبو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 فروری۔2024 ) سری لنکا کی قومی ایئر لائن کے ایک طیارے میں پرواز کے دوران ایک چوہے کے نکل کر سامنے آنے سے طیارے میں بھگڈر مچ گئی اور اسے پکڑنے کے لیے کوششیں شروع ہو گئیں چوہے کی وجہ سے طیارے کو تین روز تک گراﺅند کرنا پڑا جس سے کمپنی کو بڑا مالی نقصان ہوا طیارے میں چوہے کی موجودگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب سری لنکن ایئرلائنز کی ایئربس اے۔ 330 لاہور سے روانہ ہوئی جس کے بعد چوہے کی تلاش کے ساتھ ساتھ عملہ اس چھان بین میں بھی مصروف ہو گیا کہ چوہے نے کہیں کوئی تار نہ کاٹ ڈالی ہو یا کسی آلے کو نقصان نہ پہنچا دیا ہو.

یہ ایک ایسی مخصوص نسل کا چوہا تھا جو گاڑیوں وغیرہ میں رہنا پسند کرتا ہے اور ان کے آلات اور برقی نظام کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتا ہے اس نسل کے چوہے سائز میں چھوٹے ہوتے ہیں اس لیے آسانی سے کہیں بھی چھپ جاتے ہیں طیارے میں چوہے کی موجودگی اس لیے بھی تشویش کا باعث تھی کہ وہ تاریں کتر کر اور آلات کو نقصان پہنچا کر طیارے کو خطرے سے دوچار کر سکتا ہے طیارے کے کولمبو میں اترنے تک چوہے کی تلاش جاری رہی، لیکن وہ نہ ملا اور طیارے کو چوہا ملنے تک کے لیے گراﺅنڈ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں ائیر لائنز کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا.

ایئرلائن کے ایک عہدے دار نے عالمی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اب طیارے کی پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئیں ہیں لیکن چوہے کی وجہ سے اسے تین تک روز تک گراﺅنڈ کرنے سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے ایئر لائن کے عہدے دار نے نام ظاہر کرنے سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ چوہا ڈھونڈنے میں تین روز لگے اور وہ مرا ہوا ملا اس کے بعد طیارے کو پرواز کرنے کی اجازت دے دی گئی.

عہدے دار کا کہنا تھا کہ یہ یقینی بنائے بغیر کہ طیارے میں چوہا موجود نہیں ہے، اسے اڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تھی سری لنکن ایئر لائنز کی ایئربس۔

(جاری ہے)

330 کے تین رو ز تک گراﺅنڈ ہونے سے اس نقصان میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کا سامنا ایئرلائن پہلے سے کر رہی ہے رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال مارچ تک اس کے نقصان کا تخمینہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر سے زیادہ تھا .

سری لنکن ایئر لائنز کے بیڑے میں 23 طیارے تھے جن میں سے تین پچھلے سال گراﺅنڈ کر دیے گئے تھے کمپنی کے مالی حالات اتنے خراب ہیں کہ اس کے پاس اپنے طیاروں کے انجنوں کو اور ہال کرانے کے لیے زرمبادلہ نہیں ہے ایک مقررہ مدت میں انجن کی اورہالنگ کرانا انتہائی ضروری ہوتا ہے. سری لنکا کے وزیر ہوابازی نرمل سری پالا ڈی سلوا نے صحافیوں کو بتایا کہ چوہے کی خبر ان چند سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کر سکتی ہے جو اس ایئرلائن میں دلچسپی دکھا رہے ہیں سری لنکا میں یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتیں ایئرلائن کو بیچنے کی بڑی کوشش کر چکی ہیں حتی کہ ایک حکومت نے تو یہ پیش کش بھی کی تھی کہ سرمایہ کار صرف ایک ڈالر دے کر کمپنی کا انتظام سنبھال سکتے ہیں لیکن اس آفر پر بھی کوئی سرمایہ کار اسے لینے پر راضی نہیں ہواکچھ عرصہ پہلے سری لنگا کی حکومت ڈیفالٹ ہو گئی تھی اور اس نے اپنی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے پچھلے سال آئی ایم ایف سے 2.9 ارب ڈالر کا قرض لیا تھا جو چار سال پر پھیلا ہوا ہے.

آئی ایم ایف نے سری لنکا پر زور دیا ہے کہ وہ اس سرکاری ایئر لائن سے، جو قومی بجٹ پر بھاری بوجھ ہے، اپنی جان چھڑا لے سری لنکن ایئر لائن کا انتظامی بندوبست 2008 تک ایمریٹس کے پاس تھا اور اس وقت تک وہ منافع میں تھی لیکن 2008 میں اس وقت کے صدر مہندرا راجہ پاسکا کے ساتھ اختلاف کے بعد ایمریٹس اس کمپنی سے الگ ہو گئی تھی تنازع کی وجہ یہ تھی کہ انتظامیہ نے لندن میں تعطیلات گزار کر واپس آنے والے راجہ پاسکا کے خاندان کو 35 نشستیں دینے سے انکار کر دیا تھا جن کا اصرار تھا کہ وہ ان مسافروں کی بجائے جنہوں نے طیارے کی ٹکٹیں خریدی ہوئی تھیں، انہیں سیٹیں دے دے.

دلچسپ بات یہ ہے کہ سری لنکن ایئر لائنز کو سب سے زیادہ منافع 2001 میں اس وقت ہوا تھا جب علیحدگی پسند گروپ تامل ٹائیگرز نے حملہ کر کے کئی طیاروں کو تباہ کر دیا تھا جس کے بعد انشورنس کی رقوم ملنے سے کمپنی کی آمدنی اور منافع میں غیر معمولی اضافہ ہوا.