انیل امبانی کے بیٹے کی شادی ، تین دنوں میں مہمانوں کو 2,500 ڈشیں پیش کی جائیں گی

بدھ 28 فروری 2024 16:19

انیل امبانی کے بیٹے  کی شادی ،  تین دنوں میں مہمانوں کو   2,500 ڈشیں پیش ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2024ء) بر اعظم ایشیا کے سب سے امیر شخص انیل امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے جشن کا آغاز یکم مارچ سے تین روزہ تقریبات کی صورت میں ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے مہمانوں کی آمد متوقع ہے جن میں بل گیٹس، مارک زوکربرگ اور ایوانکا ٹرمپ بھی شامل ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق 28 سالہ اننت امبانی کی شادی ایک معروف کاروباری خاندان کی بیٹی 29سالہ رادھیکا مرچنٹ سے ہوگی، جو بھارت کی ایک بڑی دوا ساز کمپنی اینکور ہیلتھ کیئر چلاتی ہیں اور ایک تربیت یافتہ کلاسیکل رقاصہ بھی ہیں ۔

شادی کی تقریبات کا آغاز یکم مارچ کو امبانی کی آبائی ریاست گجرات کے علاقے جام نگر میں آئل ریفائنری کے میدان میں 3ہزار ایکڑ کے باغ میں منعقد ہونے والی تین روزہ پارٹی سےہوگا،جس میں امریکی گلوکارہ ریحانہ کی پرفارمنس بھی ہو گی ۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ تین دن میں مہمانوں کو تقریباً 2,500 ڈشیں پیش کی جائیں گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ایک ہی ڈش کو دو بار نہ کھائیں۔

ایک سے تین مارچ تک گجرات کے جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی شاندار تقریبات میں مدعو کئے گئے مہمانوں کے لیے ایک وسیع مینو کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔کھانے کی متنوع رینج اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ کے ساتھ، مہمانوں کے لئے کھانے کے ایک یادگار تجربے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔رپورٹس بتاتی ہیں کہ تقریبات کے لیے 25 سے زیادہ ماہر باورچیوں کی ایک خصوصی ٹیم اندور سے جام نگر جائے گی۔

اندوری کھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔میزوں پر پارسی کھانوں سے لے کر تھائی، میکسیکن اور جاپانی کھانوں کے ساتھ ساتھ پین ایشیائی پکوان بھی شامل ہوں گے۔تین دنوں کے دوران، کل 2500 ڈشز زمینو پر ہوں گی اور فنکشنز کے لیے کوئی بھی پکوان نہیں دہرایا جائے گا۔ ناشتے میں 70 سے زیادہ آپشنز شامل ہوں گے، جس میں دوپہر کے کھانے کے لیے 250 سے زیادہ اوراسی طرح رات کے کھانے کے لیے 250 سے زیادہ دوپہر کے کھانوں سے مختلف کھانے ہوں گے۔

مہمانوں کے لیے ویجیٹرین ڈشز کا بھی خصوصی انتظام ہے۔ اس سے منفرد بات یہ ہے کہ آدھی رات کے سنیکس بھی فراہم کیے جائیں گے۔ تین دن پر محیط تقریبات پانچ تھیم کے ساتھ پیش کی جائیں گی۔تقریبات کے لیے 1000 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جس میں بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس سمیت بھارت اور دنیا کی کئی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی تھی ۔

2018 میں انیل امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی ہوئی جو بھارت کی سب سے مہنگی شادی تھی جس میں گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا جبکہ مہمانوں نے اٹلی کے لیک کومو کے ساتھ ساتھ ممبئی اور راجستھان میں پُر تعیش استقبالیہ تقریبات میں شرکت کی۔ اس شادی پر تقریباً 100 بلین ڈالر کی لاگت آئی تھی۔