حکومت سندھ، شاہد آفریدی فانڈیشن، گرین کریسنٹ ٹرسٹ کا ناخواندہ بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیئے مشترکہ کاوشیں کرنے کے عزم کا اظہار

بدھ 28 فروری 2024 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2024ء) دو نامور فلاحی اداروں اور حکومت سندھ نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سندھ میں لاکھوں ناخواندہ بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے مشن کو جلد از جلد پورا کرنے کے لیئے مشترکہ طور پر کوششیں کی جائیں۔اس مشترکہ عزم کا اظہار سندھ ایجوکیشن فانڈیشن، غیر منافع بخش اداروں گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی)، اور شاہد آفریدی فانڈیشن (جی سی ٹی) کے سربراہان کی جانب سے ایس اے ایف اور جی سی ٹی کے مشترکہ سالانہ ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا گیا۔

کراچی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ اس تقریب میں شاہد آفریدی، جہانگیر خان، اور دوسرے نامور کھلاڑیوں کی نایاب اشیا کی نیلامی کی گئی تاکہ سندھ میں ناخواندگی کے خاتمے کے لیئے جاری ایس اے ایف اور جی سی ٹی کی مشترکہ فلاحی مہم کے لیئے عطیات جمع کیئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کراچی کی تاجر اور صنعتکار برادری بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس اے ایف کے چیئرمین شاہد آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا فلاحی ادارہ ملک بھر کے دور افتادہ علاقوں میں پسماندہ طبقات کی بنیادی ضروریات کے لیئے کام کرتا رہے گا کیونکہ دوسرے فلاحی ادارے وسائل کی کمی کی وجہ سے ایسے جگہوں پر عموما خدمات انجام نہیں دے پاتے۔

انھوں نے کہا کہ ایس اے ایف، سندھ ایجوکیشن فانڈیشن اور جی سی ٹی جیسے مخلص اداروں کے ساتھ مل کر سندھ کے پسماندہ علاقے کے بچوں کے لیئے مزید جدید تعلیمی سہولیات قائم کرنے کا خواہاں ہے۔انھوں نے کہا کہ ناخواندگی کا خاتمہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے مگر مخلص اور سنجیدہ فلاحی ادارے، متعلقہ حکومتی حکام اور مخیر حضرات مل کر یہ کام سر انجام دے سکتے ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بیٹیوں کی تعلیم ایس اے ایف کا ایک بڑا فلاحی مشن ہے کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ ایک بچی کو خواندہ بنانے کا مطلب مسقبل کے ایک پورے خاندان کو خواندہ بنانا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ ایجوکیشن فانڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدلکبیر قاضی نے کہا کہ حکومتی احکام، غیر سرکاری اداروں، اور مخیر حضرات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کے تحت مل جل کر ناخواندہ بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیئے تیز ترین کاوشیں کرنی چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ ایجوکیشن فانڈیشن حکومت سندھ کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو کہ ایس اے ایف اور جی سی ٹی جیسے مستند غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر پسماندہ علاقوں کے بچوں کے لیئے جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات قائم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ایجوکیشن فانڈیشن اس سلسلے میں کئی ایک نان فارمل ایجوکیشن سنٹرز اور ڈیجیٹل لرننگ سنٹرز قائم کررہا ہے تاکہ دور دراز کے علاقوں کے پسماندہ خاندانوں کے بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ فنی تربیت بھی فراہم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں تیس ڈیجٹل لرننگ سنٹرز اس سلسلے میں قائم ہوچکے ہیں جہاں کمپیوٹر ٹیبلیٹس کے ذریعے تعلیم دی جارہی ہے۔اس موقع پر ایس اے ایف کے سی ای او ظفر ملک نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ ان کا غیر منافع بخش ادارہ اپنے فلاحی اسکولوں میں تعلیم کے ساتھ فنی تربیت کا بھی اہتمام کرتا ہے تاکہ بچے تعلیم کی تکمیل کے ساتھ کم سے کم وقت میں اپنے خاندان والوں کے لیئے باعزت طریقے سے روزگار کما سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس اے ایف اپنے اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی غذا اور نشوونما کا بھی خیال رکھتا ہے۔جی سی ٹی کے سربراہ زاہد سعید نے کراچی کے نمایاں تاجروں ور صنعتکاروں کی جانب سے کھیلوں کی نایاب اشیا کی نیلامی میں بھرپور شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تاجروں، صنعتکاروں اور دوسرے مخیر حضرات کی جانب سے اپنے فلاحی ادارے کی تعلیمی مہم کے لیئے ان کو بھرپور تعاون میسر آتا ہے۔

انھوں نے سامعین کو بتایا کہ ایس اے ایف اور جی سی ٹی کی مشترکہ تعلیمی مہم کے ذریعے سندھ کے پسماندہ علاقوں کے کل پینتیس ہزار بچوں کی زندگیوں کو تعلیم کی روشنی سے منور کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہاکہ جی سی ٹی اپنے اس مشن کی تکمیل چاہتا ہے جس کی بدولت وہ سندھ میں اپنے فلاحی اسکولوں کی تعداد کو 250 تک توسیع دینا چاہتا ہے جہاں اگلے سال کے آخر تک کل ایک لاکھ ناخواندہ بچے تعلیم حاصل کرسکیں۔

انھوں نے کہا کہ پچھلے سال جی سی ٹی نے بلوچستان کے علاقے وندر میں ایک فلاحی اسکول قائم کرکے اپنے فلاحی کاموں کو سندھ سے باہر پہلی دفعہ کامیابی سے توسیع دی۔تقریب میں کء ایک نامور مخیر حضرات، تاجروں، صنعتکاروں اور دوسری نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، کاٹی کے صدر جوہر علی قندھاری، آصف اسماعیل، زبیر چھایا، فاروق بخاری، محمد علی ماجد، چوہدری اسرار، ڈاکٹر قیصر وحید، ہارون قاسم، عمران اسد، نورالحسن اور اعجاز نثار شامل ہیں۔