یونیورسٹی آف سرگودھا میں ’’انجینئرنگ کی جانچ اور خدمات‘‘کے حوالے سے ایکسپو کا انعقاد

جمعرات 29 فروری 2024 17:43

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی کے زیر ِاہتمام’’انجینئرنگ کی جانچ اور خدمات‘‘کے حوالے سے ایک روزہ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا،جس میں وائس چانسلر یونیو رسٹی آف سرگودھا پروفیسرڈاکٹر قیصرعباس، پرو وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر میاں غلام یاسین، پرنسپل کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی ڈاکٹر حارث عزیز، مختلف کمپنیوں کے مالکان،چیمبر آف کامرس، شعبہ سٹیل سے وابستہ ٹریڈرز، شعبہ مواصلات اور آرکیٹیک اور انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نمائش کا مقصد انجینئرنگ سے وابستہ افراد کو نئی ٹیکنالوجی اور اس کے استعمال سے متعارف کروانا تھا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفسر ڈاکٹر قیصر عباس نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں اور علوم کو فروغ دیا جائے، جدید تحقیق پر مبنی تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت روایتی طریقوں کی بجائے جدید مشینری بہت ضروری ہو چکی ہے اور ہمیں وقت کے تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو اپ گریڈ کرنا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے سپین سے (1000 KN) کی سٹیل کے معیار کو چیک کرنے والی جدید مشین منگوائی ہے اور اب ہمارے کنٹریکٹر اور انجینئرز کو جدید ٹیسٹ کے لئے لاہور اور اسلام آباد نہیں جاناپڑے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے انڈسٹری اور اکیڈمیاکو آپس میں لنک کر دیا ہے جس کی واضح مثال آج کالج میں ہونے والی یہ جدید ایکسپو ہے۔وائس چانسلر نے مستقبل قریب میں ایک نئے زرعی زون، ہسپتال اور واٹرپلانٹ بنانے کا اعلان کیااور کہا کہ سرگودھا میں ایک ٹیکنا لوجی پارک بھی جلد قائم ہوگا۔ انہوں نے شرکاء سے مزید کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور معیشت کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں ہمیں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر پرووائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں تعلیم عام کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے اور شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت دی جا سکے۔ اس موقع پر پرنسپل کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر حارث عزیز نے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سرگودھا میں لیبارٹریز، جدید لائبری، ہاسٹلز، اکیڈیمک بلاک، ایڈمن بلاک سمیت دیگر مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی اور کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر تمام شعبہ جات کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے، ہمارے پاس انجینئرنگ سے وابستہ جدید مشینری موجودہے جن سے طلبہ وطالبات بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

ایکسپو کے شرکاء کوکالج آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنا لوجی میں موجود مختلف لیبارٹریز اور ان میں موجود جدید آلات اور مشینوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔