ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے لئے درخواست گزاروں کے انٹرویو شروع

جمعرات 29 فروری 2024 22:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے لئے درخواست گزاروں کے انٹرویو شروع ہوگئے ہیں ابتدائی طور پر متعدد درخواست گزاروں کے انٹرویو کئے گئے۔کمشنر فیصل آباد/چیئرپرسن سلوت سعید کی زیرصدارت مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ممبرشپ کے خواہشمند افراد کے انٹرویو کرکے ضروری فیصلے کئے گئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر شہاب اسلم،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصوراحمد خان نیازی، ڈائریکٹر فنانس ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ ودیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر/چیئرپرسن نے کہا کہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کو عمدہ نظم ونسق کے ساتھ کامیابی سے چلانے کے لئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ممبرشپ کے لئے شائقین کی بڑی تعداد میں دلچسپی قابل ستائش ہے انہیں ان ڈور گیمز کی معیاری سہولیات اور خوشگوار ماحول کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے اپریشنل امور میں تمام تر ضروری تقاضوں کو پورا رکھیں اور کسی بھی لمحہ انتظامی معاملات میں کوئی رخنہ اندازی نہیں ہونی چاہیے۔

کمشنر نے انٹرویو کے لئے آنے والے افراد سے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کی مزید ترقی واستحکام کے لئے ان کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائیگا کیونکہ اس منصوبے میں کھیلوں وتفریحی سرگرمیوں کے حوالے سے خاطر خواہ حد تک توسیع دینے کا ارادہ ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ کے لئے درخواست فارمز جمع کرانے والے شائقین کی تعداد توقع سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنی تعداد میں ممبر شپ کے خواہاں افراد کی دلچسپی سپورٹس کمپلیکس کے مثالی منصوبے پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ممبرز کی توقعات پر کماحقہ پورا اترنے کے لئے جامع اقدامات کے ساتھ ٹھوس حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔اس موقع پر ممبرشپ کے خواہشمند افراد نے ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کو ایک شاندار،مثالی اور مفید منصوبہ قرار دیااور کہا کہ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے لئے سرگودھا روڈ پر ہاؤسنگ سوسائٹیز اور دیگر آبادیوں کے شائقین کو ان کے گھروں کے نزدیک کھیل و تفریح کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات میسر آئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :