معیشت کے مختلف شعبوں میں ڈیٹا کے استعمال کے حوالے سے ڈیٹا پروڈیوسرز اور صارفین کے لئے پاکستان ادارہ شماریات کا اجلاس

جمعہ 1 مارچ 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) معیشت کے مختلف شعبوں میں ڈیٹا کے استعمال کے حوالے سے ڈیٹا پروڈیوسرز اور صارفین کے لئے پاکستان ادارہ شماریات کا اجلاس جمعہ کو کراچی میں صوبائی شماریاتی رابطہ مرکز کے صوبائی دفتر منعقد ہوا۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ممبر (ایس ایس/آر ایم) سرور گوندلنےشرکاء کو ڈیجیٹل ڈیٹا ڈسسیمینیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان ادارہ شماریات صارفین کو معیاری ڈیٹا فراہم کرنے کے لئے دن رات کام کر رہا ہے۔پاکستان ادارہ شماریات نے ایس پی آئی اور معیشت کے دیگر اہم اعشاریوں کو ایک پورٹل کے ذریعے ضلعی سطح پر انتظامی حکام کے ساتھ شیئرکیا ہے۔ مزید برآں مردم شماری و دیگر ڈیٹا کی بروقت فراہمی کے لئے پاکستان ادارہ شماریات منصوبہ سازوں، محققین اور دیگر ڈیٹا استعمال کرنے والوں کے لیے ڈیٹا کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے آبادی کی مردم شماری اور دیگر سروے کے لیے ڈیش بورڈز بھی تیار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ادارہ شماریات نے موضع شماری 2020 کا ڈ یش بورڈ تیار کیا جس میں دیہی ترقی کے اعشاریئے اور دیہی اعدادوشمار دکھائے گئے ہیں جو دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں اور منصوبہ ساز مستقبل کی پالیسی کی منصوبہ بندی کے لیے پاکستان ادارہ شماریات سے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ ڈیش بورڈ دیہی علاقوں کی کمیونٹی کی سطح کی ترقی کی صورتحال کے بارے میں بھرپور معلومات فراہم کرے گا اور اسے دیہی ترقیاتی منصوبوں کے لیے بنیادی طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

چیف سنسس کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان ادارہ شماریات ڈیٹا کی ڈیجیٹل ترسیل پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان ادارہ شماریات نے 2024 کے دوران ملک بھر میں ساتویں زراعت شماری کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ زراعت شماری ملک کی 24 کروڑسے زائد آبادی کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زرعی شعبے میں منصوبہ بندی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔

پاکستان ادارہ شماریات اپنی ویب سائٹ کو بہتر بنانےکے عمل میں بھی ہے اور جلد ہی تمام ڈیٹا ، ڈیٹا صارفین اور پروڈیوسرز کو دستیاب ہو گا۔ چیئرپرسن نے تمام سوالات کا بہتر طریقے سے حل نکالتے ہوئےیہ یقین دلایا کہ مستقبل کے سروے اور مردم شماری میں شرکاء کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ڈاکٹر نعیم الظفر اور محمد سرور گوندل نے تمام شرکاء کو پاکستان ادارہ شماریات کی مستقبل کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنی ضروریات کے مطابق ڈیٹا کے خلا کو پر کرنے کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کی دعوت دی ۔ شرکاء نے پاکستان ادارہ شماریات کے مستقبل کے منصوبوں میں زندگی کے مختلف شعبوں کو شامل کرنے کے لیے پاکستان ادارہ شماریات کو سراہا ۔