امریکاکا غزہ میں امدادی سامان فضا سے گرانے کا سلسلہ جلد شروع کرنے کا اعلان

ہفتہ 2 مارچ 2024 09:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں امدادی سامان فضا سے گرانے کا سلسلہ جلد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق جو بائیڈن نے یہ اعلان اسرائیلی فوج کی غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کے بعد کیا جس میں 115 افرادشہید اور 750 زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں اٹلی کے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کہا کہ فضا سے امدادی سامان گرانے کا سلسلہ جلد شروع کریں گے جبکہ اس کے ساتھ ہی فلسطینیوں کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے مزید طریقوں پر بھی غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ہم اپنے دوست ملک اردن اور دیگر کے ساتھ شامل ہوں گے جو غزہ میں اضافی خوراک فضا سے گرا رہے ہیں اور بحری کوریڈور سمیت دیگر راستے بھی کھولنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے اتفاق کیا کہ غزہ میں پہنچنے والی امداد ناکافی ہے۔ہمیں متعدد نہیں بلکہ سینکڑوں ٹرک بھیجنے چاہیے۔