وزیراعلیٰ عوام کودرپیش مسائل سے نجات دلائیں گے، لالہ یوسف خلجی

sسرکاری نوکریوں کی خریدوفروخت پر پابندی کا خیرمقدم کرتا ہے

اتوار 3 مارچ 2024 18:35

ّکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مارچ2024ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما میرسرفراز بگٹی کو وزیراعلیٰ بلوچستان کاحلف اٹھانے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان امن جرگہ وزیراعلیٰ کے اسمبلی میں پہلے خطاب میں سرکاری نوکریوں کی خریدوفروخت پر پابندی کا خیرمقدم کرتا ہے اورامیدکرتا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوںپراقدامات اٹھائیں گے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی بجلی ،گیس ، پینے کے صاف پانی ، تعلیم ،روڈ سمیت دیگربنیادی سہولیات سے محرووم ہیں شہر کی شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں جس کی وجہ سے سارادن ٹریفک جام رہتی ہے اور لوگ ذہنی مریض بن کر رہ گئے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی ہسپتالوں میں ادویات سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی ،شاہراہوں کی تعمیراورعوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئے فوری اور عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام میں پائی جانے والی مایوسی کاخاتمہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ماضی میں منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی بلکہ صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز خوردبرد کی نذر ہوگئے ہم امیدکرتے ہیں کہ نومنتخب حکومت صوبے میںگڈگورننس کے قیام اور کرپشن و بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنائے گی۔ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ نومنتخب وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی کے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے پہلے خطاب میںسرکاری نوکریوں کی خریدوفروخت کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کاخیر مقدم کرتا ہے اور امیدکرتا ہے کہ پڑھے لکھے نوجوانوںکو میرٹ پرنوکریاں فراہم کی جائیں گی۔