دبئی بزنس کانفرنس ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، احسن بختاوری

اتوار 3 مارچ 2024 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ دبئی بزنس کانفرنس ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، نومنتخب وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کی پیشکش کی، سیاسی قیادت کو اس کا مثبت جواب دینا چاہئے ۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی بزنس کانفرنس کے شرکا کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں 180 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 240 ملین افراد کی ایک بڑی مارکیٹ اور دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان واقع پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے جنت ہے۔

(جاری ہے)

حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی، تیل و گیس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور خدمات جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے، رئیل اسٹیٹ اور ترقیاتی شعبے نے گزشتہ دو دہائیوں میں بہت اچھا کام کیا ہے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئی حکومت نئے عزم اور پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ کام کرے گی اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کی پیشکش کی، سیاسی قیادت کو اس کا مثبت جواب دینا چاہئے اور معیشت پر قومی اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ آئی سی سی آئی دبئی بزنس کانفرنس دبئی میں ہوگی۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کار شرکت کریں گے۔ دبئی میں پاکستانی سفارتی مشن اور قومی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حکام سرمایہ کاروں کو بریفنگ دیں گے۔ کانفرنس میں بی ٹو بی اجلاس اور پینل مباحثے بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔