پاکستان کے دفاع اورسالمیت کے معاملے پر ہم سب کے ساتھ کھڑے ہوں گے ، بیرسٹرگوہرعلی خان

پیر 4 مارچ 2024 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) سنی اتحاد کونسل کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع اور سالمیت کے معاملے پر ہم سب کے ساتھ کھڑے ہوں گے تاہم مفادات کی سیاست کی پیروی کر کے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ پیر کوقومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم پاور شیئرنگ پر نہیں عوامی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے موروثی سیاست کو ختم کیا، ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک ہم سے آگے بڑھ گئے، قانون کی حکمرانی، غربت میں ہم دنیا سے بہت پیچھے ہیں،ان حالات میں کیسے ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عہدوں کی بجائے اصول پر چلنا چاہئے۔

(جاری ہے)

مفادات کی سیاست ہو گی تو ہم آگے نہیں بڑھیں گے۔ پاکستان کے دفاع اورسالمیت پر حرف آئے تو ہم سب کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن ہیں، ہماری اپوزیشن تعمیری ہو گی، ہمیں بھی کوریج دی جائے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو انتخاب پر اور عمرا یوب، عامر ڈوگر اور جنید اکبر کو جمہوری عمل کا حصہ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافی قلم کے ذریعے ہمیں راہ راست پررکھتے ہیں۔ وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ وہ گرفتار صحافیوں اور سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کریں۔ گوادر سیلاب میں ڈوب گیا ہے، وہاں لوگوں کوریسکیو کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر کی سہولت دی جائے۔