مکیش امبانی نے بالی ووڈ کے خانز کو برسوں بعد سٹیج پر اکٹھا کر دیا

پیر 4 مارچ 2024 21:41

مکیش امبانی نے بالی ووڈ کے خانز کو برسوں بعد سٹیج پر اکٹھا کر دیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2024ء) بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی ایک ساتھ سٹیج پرفارمنس نے چار چاند لگا دیے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے شہر جام نگر میں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی شاندار تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے جس میں دنیا کی مشہور اور امیر ترین شخصیات کو مدعو کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان تقریبات کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے 1000 مہمانوں کو مدعو کیا گیا جس میں بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس سمیت بالی ووڈ کی کئی اہم شخصیات شرکت کررہی ہیں۔ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں شرکا نے وہ منظر دیکھا جس کو یکھنے کے لیے شاید مداحوں کی آنکھیں ترس گئی تھیں۔

(جاری ہے)

بالی ووڈ کے 3 خانز عامر خان، سلمان خان، اور شاہ رخ خان جو ایک ساتھ کم ہی دکھائی دیتے ہیں انہیں مکیش امبانی نے نہ صرف برسوں بعد اسٹیج پر اکٹھا کردیا بلکہ ان سے ڈانس پرفارمنس بھی کرادی۔

عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان نے تقریب کے دوسرے دن آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والے گالا میں اسٹیج پر ایک دوسرے کو گلے لگایا اور ڈانس کیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل تینوں خانز کو 2014 میں بھارتی ٹی وی شو آپ کی عدالت کے 21 سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقدہ تقریب میں اسٹیج پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔