کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور D-8 انٹرنیشنل یونیورسٹی ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پیر 4 مارچ 2024 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور ڈی 8 انٹرنیشنل یونیورسٹی ایران کے مابین مشترکہ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں تعاون کو وسعت دینے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت کے تحت فیکلٹی، ریسرچرز (محقیقین)، طلبا و سٹاف کا تبادلہ، سکالرشپس، فیکلٹی اور انتظامیہ کی بہتری کے سلسلے میں ٹریننگ کورسز، جوائنٹ ٹریننگ پروگرامز، مشترکہ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں منعقد ہوئی۔ پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم اور فرسٹ قونصلر مسعود حاگیگی اس موقع پر تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی 8 انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر عباس افخامی اور کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

کامسیٹس یونیورسٹی کی طرف سے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سجاد اے مدنی، ڈائریکٹر (پی اینڈ ایچ/ایچ آر ڈی) ڈاکٹر طاہر نعیم، انچارج اسلام آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر، ٹی آئی ہیڈ انٹرنیشنل آفس ڈاکٹرحماد عمراور ہیڈ آئی آر سی بی ایم لاہور ڈاکٹرعاکف انور موجود تھے جبکہ ڈی ۔8 آئی یو کی طرف سےانٹرنیشنل آفس کے سربراہ اور چانسلر کے مشیر ڈاکٹر مظہر احمدی نے شرکت کی ۔

کامسیٹس یونیورسٹی انٹرنیشنل آفس کے ہیڈ نے مفصل بریفینگ دی جس میں انہوں نے کامسیٹس کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایران کے سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سیاست، معیشت اور تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں تعلقات استوار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک تعلیمی اور سائنسی میدان میں تعاون کے ذریعے اپنے رشتے کو مزید مضبوط اور گہرا کریں۔

ڈی۔8 انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر نے پی ایچ ڈی طلبا کے تبادلے کی تجویز پیش کی تاکہ مساوی تعاون کے عزم کو گہرا اور مضبوط کیا جاسکے۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر نے کہا کہ مفاہمت کی یاداشت میں طلباء اور ریسرچرز کے تبادلہ پر توجہ دی گئی ہے جو مستقبل میں تعلیمی شعبہ میں روابط بڑھانے کا ایک اہم عنصر ہوگا۔