زرعی یونیورسٹی ٖفیصل آباد میں 9ویں چار روزہ لائلپور فن و ادب میلے کا آغاز ہوگیا

منگل 5 مارچ 2024 12:08

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) زرعی یونیورسٹی ٖفیصل آباد میں 9ویں چار روزہ لائلپور فن و ادب میلے کا آغاز ہوگیاجس میں پاکستان کے چاروں کونوں سے پچاس سے زائد جامعات و کالجز کے طلبہ و طالبات مختلف مقابلہ جات میں حصہ لے رہے ہیں۔سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام اس میلے کا افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی اور ڈینز و ڈائریکٹرز کے ہمراہ اقبال آڈیٹوریم میں کیا۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ معاشرے کو فن و ادب کی خوشبو سے معطر کر کے امن وخوشحالی کے پیغام سے مایوسیوں کے اندھیروں کو مٹایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کو قدرت نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کوخداداد قابلیت میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلئے مناسب ماحول مہیا کیا جائے تاکہ وہ ان صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابیو ں و کامرانیوں کا سفر احسن انداز سے طے کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس میلے کا مقصد طلبہ میں مقابلے کی فضا قائم کرتے ہوئے تخلیقی صلاحیتوں کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہے۔سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ ادب کی ترویج وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس سے نوجوان نسل کو مشرقی روایات سے روشناس کر واتے ہوئے دنیا میں اپنی پہچان اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میلے میں بیس سے زائد مقابلہ جا ت بشمول قرات و نعت،تقریری،بیت بازی اور کوئز کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ روٹری یوتھ لیڈرشپ ایوارڈ، ریڈیو بز، وار آف مائنڈ، پالیسی میکنگ ورکشاپ، صوفی نائٹ، مشاعرہ، بزنس سٹارٹ اپ ایگزی بیشن،پنجابی ٹاکرا، قصہ، لائلپور آتھر ڈے سمیت مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔

اس موقع ڈاکٹر عاصم عقیل،ڈاکٹر فہدرسول، ڈاکٹر عمیر گل، عرفہ بن طاہر،، و دیگر بھی موجود تھے۔