عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اورانکے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے‘جماعت اسلامی

حکومت رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مہنگائی کو کنٹرول کرے‘ضیاء الدین انصاری ،ذکر اللہ مجاہد

منگل 5 مارچ 2024 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، میاں ذکر اللہ مجاہد، ملک شاہد اسلم اور سیف الرحمن نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اورانکے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے شمالی لاہور میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع ارکان میں نائب امیرجماعت اسلامی لاہورمیاں ذکر اللہ مجاہد، ملک شاہد اسلم، امیر شمالی لاہور سیف الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ شہر لاہور میں ملک و قوم کواسلامی نظام دینے کی کوششیں مزید تیز ہوں گی، ہمارے ارکان، کارکنان اپنے حوصلے بلند رکھیں، نچلی سطح تک تنظیم کو مضبوط کریں اور دین کا پیغام عام کریں اوراللہ کے دین کی سربلندی کے لیے اپنی جدوجہد کوپوری ہمت کیساتھ جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حالات میں جہاں عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، گیس اور بجلی کے بے تحاشہ بلوں نے عام آدمی کو معاشی بدحال کردیا ہے۔

ایسے گھمبیر حالات میں جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے آئی ایم ایف سے مزید قرض لینے کی تیاری ہورہی ہے، عوام پر مزید ٹیکسز عائد کیے جائیں گے، ماہ رمضان سے پہلے مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کرے گا، حکمران بضد ہیں کہ غریب کو سانس بھی نہیں لینے دینا۔ حکمرانوں کو اپنی جدوجہدسے مجبور کریں گے کہ وہ مہنگائی کو کم کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کیلئے اقدامات کریں۔ موجودہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مہنگائی کو کنٹرول کرے۔ آٹا، چینی، گھی ، دالیں اور روز مرہ کی اشیاء کی قیمتو ں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے اور بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے۔