غیر شفاف انتخابی عمل سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے اور جمہوری اداروں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، سکندر حیات خان شیرپائو

بدھ 6 مارچ 2024 23:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پہلے سے منظم اور فعال انداز میں صوبہ کے حقوق کے تحفظ اورعوامی بہبود کیلئے کردار ادا کیاجائے گا۔حلقہ PK-62میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کارکن عوام کے ساتھ اپنے روابط مضبوط بنائے اور ان کے مسائل و مشکلات اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

انھوںنے 8فروری کے انتخابات کو غیر شفاف اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر شفاف انتخابی عمل سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے اور جمہوری اداروں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ انتخابی نتائج سے ہمارا صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہو گا اور اس کے مسائل پس پشت چلے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائونے کہا کہ 8فروری کے انتخابات سے لوگوں نے بڑی توقعات وابستہ کر رکھی تھی کہ اس سے سیاسی و معاشی استحکا م آنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مسائل میں کمی اور جمہوری اداروں میں فعالیت آ ئے گی لیکن بد قسمتی سے ایسے دکھائی نہیں دے رہا ۔

انھوں نے صوبہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اوربد امنی کے مختلف واقعات میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ امن و امان کا پائیدار قیام حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے بار بار صوبہ میں جاری بدامنی کے حوالے آواز اٹھائی لیکن اس طرف توجہ دینے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ کے حقوق اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کرے گی اور عوامی مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ اور مقامی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔