سینیٹ اجلاس: نگران حکومت کی ناقص کارکردگی اور ملک کو بحرانوں کا شکار کرنے پر ا تحفظات کا اظہار

بدھ 6 مارچ 2024 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2024ء) ایوان بالا میں حکومتی اراکین سینیٹ نے نگران حکومت کی ناقص کارکردگی اور ملک کو بحرانوں کا شکار کرنے پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نگران حکومتوں کا کردار ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہاکہ نئی حکومت کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ جمہوریت میں موجود خامیوں کو نکال سکیں انہوں نے کہاکہ میڈیا میں نگران حکومت کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ لکھی گئی ہے اس رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ نگران حکومت کی وجہ سے آج ملک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں حکومتیں آتی ہیں اور انتخابات بھی وہی حکومت خود کراتی ہے نگران حکومت کا کوئی تصور نہیں ہوتا ہے انہوں نے کہا نگران حکومت کی کارکردگی تو سب نے دیکھ لی ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کیلئے سیاسی جماعتوں کا جو کردار ہے اس کو پورا کریں اور نگران حکومت کے کردار کو ختم کیا جائے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ سوال نگران حکومت کی کارکردگی کا نہیں ہے اصولی طور پر آئین میں نگرانوں کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے صرف پاکستان میں اب تک یہ رواج باقی ہے 13ماہ تک صوبوں میں حکومت کرنے والے کونسے نگران ہوتے ہیں یہ کون لوگ ہوتے ہیں اور کہاں سے آکر غائب ہوجاتے ہیں انہوںنے کہاکہ نیب کو بھی ختم ہونا چاہیے ان نگران حکومتوں کا نظام بھی ختم ہونا چاہیے۔