کھانا کھانے کے دوران تلخ کلامی ،بھائی نے بھائی کو قتل کر ڈالا

بلال اپنے بھائی شہزاد کے ہمراہ کھانا کھا رہا تھا کسی بات پر جھگڑا ہوگیا ،شہزاد نے بلال پر چھری سے وار کر دیا،ملزم گرفتار پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 7 مارچ 2024 12:55

کھانا کھانے کے دوران تلخ کلامی ،بھائی نے بھائی کو قتل کر ڈالا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 مارچ2024 ء) کھانا کھانے کے دوران تلخ کلامی ،بھائی نے بھائی کو قتل کر ڈالا،لاہور کے علاقہ کاہنہ کے قریب ایل ڈی اے گول چکر کے رہائشی بلال کا اپنے بھائی شہزاد سے کھانے کے دوران کسی بات پر جھگڑا ہوگیا جو بڑھتے نوبت تلخ کلامی تک پہنچ گئی جس پر شہزاد نے بلال پر چھری کے وار کر دئیے جس سے بلال شدید زخمی ہوگیاجسے طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم تو ڑ گیا۔

پولیس نے وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزم شہزاد کو گرفتار کرلیاجبکہ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل راولپنڈی میں بھی معمولی تلخ کلامی پر ایک شخص کو چاقو کے وار کرکے قتل کر دیاگیا تھا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق حیدر عباس اور ذیشان حمید کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اسی دوران ذیشان حمید نے جیب سے چاقو نکال کر حیدر عباس پر پے درپے وار کئے جس سے حیدر عباس شدید زخمی ہوگیا تھا جسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے معمولی تلخ کلامی پر چاقو کے وار کر کے شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ بنی میں درج کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ایس پی راول فیصل سلیم کا کہنا تھاکہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

اسی طرح کے ایک اور واقع میں گھریلو ناچاکی پر شوہر نے چھریوں کے وار کر کے بیوی کوقتل کردیا تھا۔افسوسناک واقعہ پنجاب کے شہر شرقپور کے محلہ چونگی سٹاپ کے قریب پیش آیا تھا جہاں اشفاق نامی شخص نے معمولی تلخ کلامی پر اپنی بیوی سمیرا بی بی کو چھریاں مار مار کر قتل کر دیا تھا۔پولیس نے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا،مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی تھی۔