غیر اسلامی وغیر آئینی فیصلوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کیاجاسکتا، صاحبزادہ زبیر ہزاروی

جمعرات 7 مارچ 2024 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2024ء) مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر صاحبزادہ مفتی محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہاہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیاگیا ہے اوراس کے قیام کے لئے ہمارے اسلاف ، علما ء مشائخ نے بے شمار قربانیاں دی ہیںجن کو ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا، اس ملک میں غیر اسلامی وغیر آئینی فیصلوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان میں اقلیتوں کوجو حقوق حاصل ہیں ان پر کسی کو اعتراض نہیں ہے لیکن اس سے تجاوز پر آئینی اداروں کو اقدامات کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ہرمسلمان کے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے، نبی کریم ﷺ کی محبت ہمارے خون میں شامل ہے، حرمت رسولﷺ ہر مسلمان کے لئے اپنی جان،مال،ا ولاداور گھرسے زیادہ اہم ہے،حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ مسلمان حکمران ہونے کی حیثیت سے عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں اور اپنے طرزعمل سے ثابت کریں کہ وہ ایک اسلامی نظریاتی مملکت کے حکمران ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس دن توہین رسالت قوانین کا درست استعمال شروع ہوگیا، لاقانونیت کا راستہ بند ہوجائے گا۔ 295C کو ختم کرنے کی سازش کرنے والے خانہ جنگی چاہتے ہیں، ریاست اور عدلیہ کواپنی ذمے داریاں پوری کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان میں ہر شہری کے برابر حقوق ہیں لیکن عملی طور پر سرمایہ دار کے لئے الگ اور غریب کے لئے الگ قوانین ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن اور چور بازاری سے پا ک دیانتدار قیادت ہی درپیش ملکی مسائل کوحل کر سکتی ہے، قوم نے 76 برسوں سے کرپٹ مافیا کو آزمایا جس کے باعث مسائل کا شکار ہوئی، ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار اپنی دولت کی طاقت کی وجہ سے اقتدار پر قابض ہوجاتے ہیں۔ پاکستان کو ان ظالموں سے آزاد کروانے کے لیے طویل جدوجہد کی ضرورت ہے جس کے لیئے علماء مشائخ سمیت تمام دینی قوتوں کو ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہوکر میدان عمل میں آنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جب تک ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ نافذ نہیں ہوگا مسائل اور بحرانات سراٹھاتے رہیں گے، وزیراعظم میاں شہبازشریف آگے بڑھیں اور انقلابی اقدامات اٹھاتے ہوئے ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کا اعلان کریں۔