تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیساتھ تعاون سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، چیف جسٹس

جمعہ 8 مارچ 2024 23:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2024ء) پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے کہاہے کہ تھیلیسیمیا کی روک تھام اور مرض سے متاثرہ بچوں کی مدد کرنا معاشرے کے تمام لوگوں کی زمہ داری ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ہائیکورٹ میں حمزہ فائونڈیشن کیزیراہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں چیف جسٹس محمد ابراہیم خان، سینئرجج جسٹس اشتیاق ابراہیم ، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ انعام اللہ وزیر، ایڈیشنل رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ ہدایت اللہ خان، رمیز خان اور سینئر وکلائ نے بھی شرکت کی۔

کیمپ میں سکریننگ کے بعد 62 وکلائ نے خون عطیہ کیا۔ اس موقع پر حمزہ فاؤنڈیشن کے نمائندے عتیق الرحمان نے چیف جسٹس سمیت وکلائ کو تنظیم کی مختلف فلاحی خدمات بالخصوص تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا کے مریضوں اور خون عطیہ کرنیکی اہمیت پر اگاہی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نیبتایاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے سلسلے میں بلڈکیمپ لگایاگیاتاکہ مریضوں کوبلاتعطل رمضان میں خون فراہمی کاسلسلہ جاری رہے۔

اس سلسلے میں جدید مشینری و آلات کے ذریعے محفوظ انتقال خون کی فراہمی کی جارہی ہے۔ چیف جسٹس محمد ابراہیم خان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نیحمزہ فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تھیلیسیمیا کے تدارک کیلئے ان کیساتھ تعاون جاری رہے گا۔ انہیں بتایاگیا کہ ادارے کیساتھ 1487مریض رجسٹرڈ ہیں جنہیں 2006 سے مفت خون و دیگر سہولیات دی جارہی ہیں تاکہ انکی زندگی بچائی جاسکے۔ آخر میں چیف جسٹس سمیت مہمانوں کو شیلڈز پیش کیے گئے۔حمزہ فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین اعجاز علی خان نے خون کے عطیہ کے ایسے کامیاب کیمپ کے انتظامات پر تمام معزز ججز اور پشاور ہائیکورٹ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔