قومی اسمبلی نے خواتین کے عالمی دن اور پاکستانی خواتین بالخصوص شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی، ترجمان قومی اسمبلی

جمعہ 8 مارچ 2024 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) قومی اسمبلی نے خواتین کے عالمی دن اور پاکستانی خواتین بالخصوص شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے قرارداد کی مخالفت کی۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قرارداد رکن قومی اسمبلی سحر کامران کی طرف سے پیش کی گئی تھی جبکہ اسی طرح کی قراردادیں شرمیلا فاروقی ایم این اے اور شزہ فاطمہ خواجہ ایم این اے نے بھی جمع کروائی تھیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ایوان نے قرارداد سنی اتحاد کونسل کے اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باوجود کثرت رائے سے منظور کی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد کے مندرجات کو سنے بغیر اپوزیشن نے ایک انتہائی اہم قرارداد کی مخالفت کا فیصلہ کیا، انہیں اس موقع پر سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن نے اپنی قرارداد پیش نہیں کی بلکہ اس کے بجائے قوم کی عظیم بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کا بھی راستہ روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ معاملے کی اہمیت کو سمجھیں اور مخالفت برائے مخالفت کی بجائے پاکستان کی خواتین کی ترقی، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی آواز بلند کرے۔