سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 23 دہشت گرد گرفتار کرلیے

لاہور سے ٹی ٹی پی اور فیصل آباد سے عالمی دہشت کرد تنظیم کے اہم سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 مارچ 2024 13:26

سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 23 دہشت گرد گرفتار کرلیے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مارچ 2024ء ) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں خفیہ اطلاعات پر کیے جانے والے آپریشن کے دوران 23 دہشت گرد گرفتارکرلیے گئے، گرفتاردہشت گردوں کی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے تصدیق کر دی، دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاوہ گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، راولپنڈی، راجن پور، سیالکوٹ، فیصل آباد، چینوٹ، بہاول نگراور رحیم یار خان میں کارروائیاں عمل لائی گئیں۔

اس حوالے سے ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ لاہور سے ٹی ٹی پی اور فیصل آباد سے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اہم سہولت کار کو گرفتارکیا گیا ہے، دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ، 2 ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز وائر 51 فٹ، اسلحہ، گولیاں اور نقدی برآمد ہوئی جب کہ ان دہشت گردوں کی شناخت عبدالکریم، غفران، کامران، شاہ محمد، شاکر، عمران، شاہی محمد، انصاف اللہ، سمر خان، اسلم اور قدوس کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

ترجمان سی ٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت رواں ہفتے 962 کومبنگ آپریشنز کے دوران 133 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، کومبنگ آپریشنز کے دوران 37 ہزار 739 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ دوسری طرف آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ "قوم کی حمایت سے مادر وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں"، انہوں نے یہ بات رحیم یار خان میں جاری تربیتی مشقوں کے دورے کے دوران جوانوں سے خطاب میں کہی۔

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رحیم یار خان کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے رحیم یار خان میں جاری تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا جہاں آرمی چیف کی تربیتی مشقوں میں مصروف جوانوں سے ملاقات ہوئی، جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب تربیتی مشقوں میں مصروف جوانوں کے ساتھ دن گزارا، اس دوران آرمی چیف کو مشق ، شمشیر صحرا ، سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشق کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے درکار پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ تھا، آرمی چیف نے آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری کی مشقوں کا معائنہ کیا، انہوں نے ایئر ڈیفنس، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سمیت مختلف عناصر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا بھی مشاہدہ کیا، مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا، اس مشق میں الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے مادر وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے۔