Live Updates

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع کونسل کے زیر اہتمام رنگا رنگ 3 روزہ جشن بہاراں شروع

ہفتہ 9 مارچ 2024 21:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2024ء) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع کونسل کے زیر اہتمام رنگا رنگ 3 روزہ جشن بہاراں شروع ہوگیا۔کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کے ہمراہ جشن بہاراں کا افتتاح کیا۔جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک ذوالقرنین اعوان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل ذیشان لبھا مسیح،اسسٹنٹ کمشنرز علی سمیر،غزالہ یاسین چدھڑ، نعمان علی ڈوگر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جشن بہاراں میں سرکاری ونجی اداروں کی طرف سے لگائے گئے پھولوں کے سٹالز شرکاء تقریب کی توجہ کا مرکز رہے۔ جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب میں پرچم کشائی،طلباء کی طرف سے ملی نغمے،ٹیبلوز،پریڈ اور عوام کی تفریح کیلئے کیٹل شو،فینسی برڈز کی نمائش اورگھوڑا ڈانس کا مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن بہاراں کے انعقاد کا مقصد ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عوام کو معیاری اور صحت مند تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنا ہے۔

کمشنر نے منظم انداز میں جشن بہاراں کی سرگرمیوںکے انعقاد پر انتظامیہ کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ شہری جشن بہاراں میں بھرپور شرکت کر کے لطف اندوز اور آپس میں پیار ومحبت، یگانگت اور اتحادو اتفاق کی فضا کو فروغ دے رہے ہیں،فیملیز کی جشن بہاراں میں شرکت خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور انکی ٹیم نے عوام کو تفریح فراہم کرنے کیلئے مثالی انتظامات کئے ہیں۔

کمشنر نے سٹالز کا بھی دورہ کیااور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے سٹال ہولڈرز سے گفتگو بھی کی۔ڈپٹی کمشنرٹوبہ ٹیک سنگھ نے بتایا کہ جشن بہاراں کو بھرپور انداز میں منایاجارہا ہے شہریوں کی تفریح کے لئے رنگارنگ پروگرامز ترتیب کئے گئے ہیں۔جشن بہاراں کے باقی ایام میں بھی عوام کی تفریح کے لئے کھیلوں کے مقابلے،ادبی مشاعرہ،رسہ کشی اور کبڈی میچ سمیت دیگر رنگا رنگ پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات