رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

ماہ مبارک کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 11 مارچ بروز پیر کو پشاور میں ہو گا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 9 مارچ 2024 22:34

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مارچ2024ء) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب۔ تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کے چاند کیلیے اجلاس 11 مارچ کو طلب کرلیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں منعقد ہو گا۔

اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔ چاند سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کریں گے۔ دوسری جانب رویت ہلال کمیٹی ریسرچ کونسل کے جنرل سیکریٹری مفتی خالد اعجاز نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ 11مارچ بروز پیر کی شام کو مطلع صاف ہونے کی صورت میں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہے لہٰذا امکان ہے کہ پہلا روزہ منگل 12مارچ 2024 کو ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10 مارچ بروز اتوار کی شام دنیا کے کسی بھی اسلامی ملک میں ہلال کی رویت ممکن نہیں ہے۔مفتی خالد نے کہا کہ نیا چاند 10 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق بعد دوپہر 2 بجے پیدا ہو گا اور رویتِ ہلال کے لیے چاند کی عمر 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ29 شعبان المعظم یعنی پیر 11 مارچ کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 28 گھنٹوں سے زائد ہو گی۔

چاند کی رویت کے حوالے سے مزید تفصیل بتاتے ہوئے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ چاند کی رویت کے لیے غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے اور کراچی میں یہ فرق 73منٹ، جیوانی میں 74 منٹ، لاہور اور کوئٹہ میں 76 منٹ، اسلام آباد میں 77 منٹ، پشاور، چارسدہ اور مظفر آباد میں 78 منٹ جبکہ گلگت میں 79 منٹ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جن علاقوں میں بھی مطلع صاف ہوا، وہاں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہو گی لہذا امید ہے منگل 12 مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان مارچ میں رمضان المبارک کا استقبال کریں گے، یوں رواں سال رمضان المبارک 26 سال کے بعد سردیوں میں آرہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 سے رمضان المبارک سردیوں میں آتا رہے گا تاہم ابتدائی دو سال تک رمضان کا آخری حصہ موسم بہار میں ہوگا۔ ’اس کے بعد 2031 تک رمضان المبارک موسم سرما میں ہوگا اورپھر 8 سال تک یعنی 2039 تک موسم خزاں میں آئے گا۔ جبکہ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کے مطابق اگرچہ رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ کو پیدا ہو گا لیکن اس روز یہ نظر نہیں آئے گا ، چاند کو 11 مارچ کو واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔ پاکستان میں پہلی تراویح 11 مارچ کی رات کو ہو گی کیونکہ 95 فیصد امکان ہے کہ پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔