امارات میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی

رہائشیوں کو محتاط ڈرائیونگ کی تاکید کردی گئی‘ عمان میں بھی طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش نے شہریوں کو گھروں میں محصور کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مارچ 2024 10:41

امارات میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی، خلیجی سلطنت عمان میں بھی طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش نے شہریوں کو گھروں میں محصور کردیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاستوں ابو ظہبی، فجیرہ اور العین میں موسلادھار بارشوں کے بعد اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، خراب موسم کے باعث ابوظہبی میں تمام پارکس کو عوام کی25لئے بند کردیا گیا، امارات میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابوظبی، دبئی، شارجہ، راس الخیمہ اور عجمان میں مختلف شدت کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، دبئی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، حکام کی جانب سے لوگوں کو محتاط انداز میں ڈرائیونگ کرنے اور گھروں کے اندر رہنے کی تاکید کے بعد بھی کچھ رہائشیوں کو خراب موسم کے دوران چھتریاں تھامے باہر گھومتے پھرتے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہفتے کے روز دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کی پروازوں کو قریبی ہوائی اڈوں پر بھیج دیا گیا ہے کیوں کہ دبئی انٹرنیشنل (DXB) پر معمول کے آپریشنز ہفتہ 9 مارچ کو صبح کے وقت سے خراب موسمی حالات کی وجہ سے متاثر ہوئے، نتیجتاً 13 ان باؤنڈ پروازوں کو قریبی ہوائی اڈوں پر واپس بھیج دیا گیا، ہم اپنے قابل قدر مہمانوں کو درپیش کسی بھی تکلیف کو کم کرنے کے لیے اپنے سروس پارٹنرز اور ایئر لائنز کے ساتھ فعال طور پر تعاون کر رہے ہیں۔

ایمریٹس ایئرلائن کے ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ ایمریٹس کی کچھ پروازیں DXB سے آنے اور روانہ ہونے میں تاخیر کا شکار ہوئیں جب کہ دیگر کا رخ موڑ دیا گیا، ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے مسافروں کو جلد از جلد ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے کام کریں گے، ایمریٹس کسی بھی زحمت کے لیے معذرت خواہ ہے، ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

فلائی دبئی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ آج صبح دبئی میں موسم کی خراب صورتحال کے نتیجے میں ہماری کچھ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر ہوئی ہے، ان باؤنڈ پروازوں کی ایک بڑی تعداد کو بھی موڑنا پڑا، ہم دبئی میں موسمی حالات کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اپنے مسافروں کے سفری نظام الاوقات میں رکاوٹ کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور ہوائی اڈے پر تمام فریقوں کے ساتھ ہم آہنگی کر رہے ہیں، ہم اس تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں جو ہمارے مسافروں کو خراب موسمی حالات کی وجہ سے ہوئی ہو۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) نے کہا ہے کہ مختلف شدت کی بارشیں اتوار تک جاری رہیں گی لیکن یہ صرف ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں پر مرکوز رہیں گی، غیر مستحکم موسم بتدریج کمزور ہوتا جائے گا اور اتوار کی شام اور رات تک مشرقی علاقوں تک محدود رہے گا، پیر کو موسم خشک رہے گا لیکن صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔