بریک اپ کے بعد سلمان اور کترینہ ساتھ کام کرنے کیلئے راضی نہیں تھے

ماضی میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے چار سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا

اتوار 10 مارچ 2024 11:10

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2024ء) بالی ووڈ کے ہدایتکار کبیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے بھائی جان اداکار سلمان خان اور باربی ڈول کترینہ کیف خراب تعلقات کے باعث ایک ساتھ کام کرنے کے لیے راضی نہیں تھے اور فلم کرتے وقت غیر آرام دہ محسوس کر رہے تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں بلاک بسٹر فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے ہدایت کار نے فلم کی ریلیز کے 11 برس بعد انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان اور کترینہ کیف کو بریک اپ کے فوراً بعد ایک ساتھ فلم میں کاسٹ کرنا بہت مشکل تھا۔

دوران انٹرویو کبیر خان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے فلمسازوں نے سلمان خان سے رابطہ کرنے سے قبل کترینہ کیف کو زویا کے کردار کے لیے سائن کر لیا تھا اور اس کے بعد سلمان خان سے ٹائیگر عرف اویناش سنگھ راٹھور کے مرکزی کردار کے لیے رابطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ وہی وقت تھا جب دونوں فنکاروں نے چار برس رشتے میں رہنے کے بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کر لی تھیں، ایسے وقت میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ایک سیٹ پر غیر آرام دہ محسوس کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ ماضی میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے چار سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، اس عرصے کے دوران دونوں کی شادی سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی تھیں، دونوں اسٹارز نے بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں بھی دیں۔