Live Updates

پنجاب میں سپورٹس کی بحالی کیلئے میگا پلان لے کرآئے ہیں، وزیرکھیل پنجاب

پنجاب میں نئے سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور پرانے سٹیڈیم کی حالت کو بھی بہتر کیا جائے گا‘فیصل ایوب کھوکھر پورے ملک سے ٹیمیں شریک ہیں ،خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت خوش آئند ہے،اگلی مرتبہ اس سے بھی بڑا ایونٹ کروائیں گے‘ ڈپٹی کمشنر رافیعہ حیدر پاکستان میں ماس ریسلنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے،ہمیں خوشی ہے پاکستان کے تمام علاقوں سے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں‘سفیرکرغستان اولان بیک

اتوار 10 مارچ 2024 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2024ء) صوبائی وزیر کھیل و امورنوجوانان پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ ماس ریسلنگ چمپئن شپ میں بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت خوش آئند ہے، پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے یہ وعدہ ہے اپنے کھلاڑیوں پر بڑی رقم خرچ کریں گے،کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ انٹرنیشنل سطح پر کھیل سکیں،ہماری کوشش ہے کہ پنجاب کی ثقافتی گیمز کو پورے پاکستان سمیت دنیا میں متعارف کرائیںگے،ماس ریسلنگ چمپئنشپ کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ساتویں ماس ریسلنگ چمپئنشپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا ہے، وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر اور کرغستان کے سفیر اولان بیگ نے ماس ریسلنگ کھیل کر چمپئنشپ کا افتتا ح کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعیہ حیدر نے ماس ریسلنگ چمپئنشپ کو اوپن کیا ہے، چمپئنشپ میں ملک بھر سے 300 سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھرنے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ سب اداروں کو کھیلوں میں لے کر آئیں، کھیل ہماری زندگی کا اہم حصہ ہے اسے اہمیت دینے کی ضرورت ہے،پنجاب میں نئے سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور پرانے سٹیڈیم کی حالت کو بھی بہتر کیا جائے گا، سپورٹس کمپلیکس کی فیسوں کا دوبارہ جائزہ لیں گے تاکہ طلبا اور کھلاڑی زیادہ سے زیادہ ممبرشپ لے سکیں،آج ماس ریسلنگ میں 100 سے زائد خواتین حصہ لے رہی ہیں ،ملک کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بدولت آج خواتین کو نمایاں مقام حاصل ہے،انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں سپورٹس کی بحالی کیلیے میگا سپورٹس پلان لیکر آئے ہیں، ہمارا مقصد کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود ہے، کبڈی کو کرغستان میں متعارف کروائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حید ر نے کہا ہے کہ آج پورے ملک سے ٹیمیں شریک ہیں ،خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت خوش آئند ہے،اگلی مرتبہ اس سے بھی بڑا ایونٹ کروائیں گے،سفیرکرغستان اولان بیک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ماس ریسلنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے،ہمیں خوشی ہے پاکستان کے تمام علاقوں سے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں،پنجاب میں سپورٹس کی شاندار سہولیات موجود ہیں،گورنمنٹ پاکستان کے ساتھ مل کر سپورٹس کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔ماس ریسلنگ چمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب ظہور احمد، ایڈمنسٹریٹر جمنازیم ہال مصطفی شاہ، ماس ریسلنگ کے نواب فرقان بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات