آصف علی زرداری کے دوسری بارصدرمملکت منتخب ہونے کی خوشی میں پیپلزسیکریٹریٹ کراچی میں جشن منایا گیا

بلوچستان سمیت تمام صوبوں سے ووٹ ملنا اس بات کا مظہرہے کہ صدرزرداری وفاق کی علامت ہیں،جاویدناگوری/آصف خان

اتوار 10 مارچ 2024 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت آصف علی زرداری کے دوسری بارصدرمملکت منتخب ہونے کی خوشی میں پیپلزسیکریٹریٹ کراچی میں جشن منایا گیا۔پارٹی رہنماں، کارکنان میں مٹھائی تقسیم کی گئی اورآتشبازی کا شاندارمظاہرہ کیا گیا۔پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات آصف خان کاکہنا تھا کہ آصف علی زرداری کے ایوان صدرمیں پہنچنے سے جمہوریت کے خلاف سازشوں کا باب بند ہوگیا،بلوچستان سمیت تمام صوبوں سے ووٹ ملنا اس بات کا مظہرہے کہ صدرزرداری وفاق کی علامت ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کارکنان سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے نائب صدرمرزامقبول،ڈپٹی جنرل سیکریٹری ذوالفقارقائمخانی پارٹی رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی مئیرکراچی سلمان عبداللہ مراد نے جشن فتح میں خصوصی طورپرشرکت کی۔ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے کہاکہ آ صف علی زرداری کی کامیابی چھوٹے صوبوں کے لیے سرپرائزہے،دوسری بارعہدہ صدارت کے لیے آصف زرداری کا انتخاب ان کے آئینی اقدامات کا ثمرہے۔

پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات،کنوینیئرضلع شرقی آصف خان نے کہاکہ آصف علی زرداری کی واضح اکثریت سے کامیابی وفاق کی علامت ہے،صدارتی انتخابات میں محمود خان اچکزئی کوبلوچستان سے ایک ووٹ بھی نہیں ملا مگرصدرزرداری کوبلوچستان سمیت تمام صوبوں سے ووٹ ملنا اس بات کا مظہرہے کہ آصف علی زرداری کی کامیابی وفاق اورصوبوں میں یکجہتی کاباعث بنے گی اوران کی تاریخی کامیابی قومی یکجہتی اور عوامی خوشحالی کی نوید ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ایوان صدرمیں صدرزرداری کی آمد کے بعد ملک میں آئینی اداروں اورپارلیمنٹ کی بالادستی کے اک نئے دورکا آغازہوگا۔