فیصل آباد کے شہری سوئی گیس کے بلوں میں ہو شربا اضافہ پر بلبلا اٹھے

پیر 11 مارچ 2024 11:00

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) فیصل آباد کے شہری سوئی گیس کے بلوں میں ہو شربا اضافہ پر بلبلا اٹھے،مہنگائی سے تنگ عوام گیس کے بھاری بھر کم بل ا دا کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے ملک بھر کے گیس صارفین کو بھاری بھر کم بل بھجوا دئیے گئے ہیں مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام کو گیس کے ہوشربا بلوں کی وجہ سے انکا بجٹ شدید متاثر ہو چکا ہے،تنخواہ دار طبقہ نے حکومت کی اس روش پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بعد گیس کے بلوں میں ہو شربا اضافہ سے عوام کی کمرٹوٹ چکی ہے رائے ونڈ شہر کے ہزاروں صارفین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے گیس کے بل چند سو روپے آتے تھے اب ماہ جنوری میں گیس کے بل دس ہزار روپے سے پچاس ہزار روپے تک آرہے ہیں عوام کی سکت جواب دے چکی ہے،حکومت کے اس اقدام سے شہریوں نے اپنے گیس کنکشن اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس صورت حال سے تنگ صارفین کومتبادل ایندھن کے ذرائع استعمال کئے جانے پر مجبور کیا جارہا ہے دیہاتوں اور گائوں کی طرح اب شہروں میں بھی لکڑی اور مٹی کا تیل کا زمانہ واپس آنے کا امکان ہے،شہریوں نے گیس بلوں میں ہوشربا اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو فوری واپس لیتے ہوئے پرانے ریٹ بحال کئے جائیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔