گرفتاری پر سعد رفیق نے کہا اس میں میرا کوئی قصور نہیں، لطیف کھوسہ

کسی اور جگہ ایسا تشدد نہیں کیا گیا جو پنجاب میں ہوا، انہوں نے مجھے ایس ایچ او کے کمرے میں 6 گھنٹے تک بٹھائے رکھا، میں ان کے خلاف اغواء کا پرچہ کرواؤں گا۔ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 مارچ 2024 12:11

گرفتاری پر سعد رفیق نے کہا اس میں میرا کوئی قصور نہیں، لطیف کھوسہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مارچ 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ گرفتاری پر سعد رفیق نے کہا اس میں میرا کوئی قصور نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی اور جگہ ایسا تشدد نہیں کیا گیا جو پنجاب میں ہوا، میں نے کہا میں ایم این اے ہوں اور بغیر اسپیکر کی اجازت مجھے گرفتار نہیں کیا جا سکتا جس پر انہوں نے کہا "سر آئیں دفتر میں بیٹھ کر بات کرتے ہیں"، جس کے بعد میں ان کے ساتھ چلا گیا تو انہوں نے مجھے ایس ایچ او کے کمرے میں بھجوا دیا، جہاں مجھے 6 گھنٹے تک بٹھائے رکھا اس دوران انہوں نے میرے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں کی جب کہ سعد رفیق نے مجھے کہا کہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں۔

سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ میں ان کے خلاف اغواء کا پرچہ بھی کرواؤں گا، پولیس بتائے کہ کس کے کہنے پر ہمارے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، ہم پر اور ہمارے کارکنوں پر لاہور میں گزشتہ روز تشدد کیا گیا، مختلف تھانوں میں ہمارے بندوں پر پرچے درج کیے گئے، سلمان اکرم راجہ پر بھی سڑک بلاک کرنے کا پرچہ درج کر لیا گیا، سڑکیں اگر بلاک کی گئی ہیں تو آپ کیمروں کی ویڈیو دکھا دیں، کوئی سڑک بلاک نہیں کی گئی، ہمارا پُرامن احتجاج تھا اور ہم عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے اور جب تک ہمیں ہمارا مینڈیٹ نہیں ملتا احتجاج کرتے رہیں گے، ہم دیکھیں گے کہ یہ حکومت کس طرح چلتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سلمان اکرم راجہ اور رکن قومی اسمبلی سردارلطیف کھوسہ کو رہا کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی کے دونوں رہنماوٴں کو شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا، سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے اچھرہ مین روڈ اور سردار لطیف کھوسہ کو لاہور کینٹ سے احتجاج کرتے گرفتار کیا تھا، تھانہ شمالی چھاوٴنی میں پولیس کی مدعیت میں روڈ بلاک کرنے سمیت دیگر دفعات پر لطیف کھوسہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔