صدرمملکت آصف علی زرداری کو ایوان صدرمیں گارڈ آف آنر پیش

پیر 11 مارچ 2024 14:44

صدرمملکت آصف علی زرداری کو ایوان صدرمیں گارڈ آف آنر پیش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) پاکستان کے 14ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری کو پیر کو یہاں ایوان صدر میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ قومی ترانے کے بعد نومنتخب صدر نے مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے پیش کئے گئے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر کے افسران اور عملے سے مصافحہ کیا۔

گارڈ آف آنر کی تقریب میں بلاول بھٹو، آصفہ اور بختاور بھٹو بھی شریک تھیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے صدر آصف علی زرداری سے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا۔یاد رہے کہ ہفتے کو آصف علی زرداری ملک کے 14ویں صدر منتخب ہوگئے تھے، حکمران اتحاد کے نامزد صدارتی امیدوار آصف زرداری نے الیکٹورل کالج کے ایک ہزار 185 ووٹوں میں سے 411 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو 111 ووٹ ملے تھے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب میں مجموعی طور پر سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار 44 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔