خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پر مفت علاج کی سہولت 5 ماہ بعد بحال ہوگئی

شکایت پر پینل سے 80 نجی ہسپتال خارج، حکومت نے ہسپتالوں کی نئی فہرست جاری کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مارچ 2024 11:04

خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پر مفت علاج کی سہولت 5 ماہ بعد بحال ہوگئی
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پر مفت علاج کی سہولت 5 ماہ بعد بحال کرتے ہوئے ہسپتالوں کی فہرست جاری کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مئی 2023 میں مفت علاج کا سلسلہ پہلی بار عدم ادائیگی پر بند ہوا، جس کے بعد اکتوبر تک 6 بار علاج کی سہولت معطل اور بحال ہوئی تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد مفت علاج کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوچکا ہے اور خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ آج بحال ہو گیا ہے، صوبائی حکومت نے اس حوالے سے موصول شکایت پر پینل سے 80 نجی ہسپتال خارج کردیئے اور پینل پر موجود ہسپتالوں کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ صحت کارڈ پینل میں ہسپتالوں کی تعداد 208 سے کم کر کے 118 کر دی گئی، جن میں 58 نجی اور 60 سرکاری ہسپتال شامل ہیں، خیبر ٹیچنگ، لیڈی ریڈنگ، ایچ ایم سی، پی آئی سی میں بھی آج سے مفت علاج کی سہولت بحال کردی گئی ہے، ان ہسپتالوں میں آج سے صحت کارڈ ڈیسک بھی فعال کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ صحت کارڈ کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ 5 ارب روپے سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو پیر کے دن موصول ہو گئے، سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے بقایاجات 18 ارب روپے تک پہنچ گئے تھے جب کہ انشورنس کمپنی کے ذمے ہسپتالوں کے بقایاجات 14 ارب ہوچکے تھے۔

اسی طرح وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور کی صوبائی حکومت نے صوبے میں پناہ گاہوں کو بحال کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا، صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر صوبے کے 11 اضلاع میں قائم پناہ گاہوں کی بحالی کیلئے 2 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کر دیئے، جن کی مدد سے صوابی، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، جنوبی وزیرستان، ضلع خیبر، پشاور، سوات، چارسدہ میں قائم پناہ گاہیں بحال کر دی گئی ہیں، ان پناہ گاہوں میں رمضان المبارک کے دوران قیام کرنے والوں کو سحری اور افطاری بھی ملے گی۔