یکم رمضان کو اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، 100 انڈیکس تقریباً 1 ہزار پوائنٹس گر گیا

اسٹاک مارکیٹ 65 ہزار پوائنٹس کی حد برقرار نہ رکھ سکی، سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 32ارب 46کروڑ 30لاکھ 55ہزار 313روپے ڈوب گئے

muhammad ali محمد علی منگل 12 مارچ 2024 19:48

یکم رمضان کو اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، 100 انڈیکس تقریباً 1 ہزار ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 مارچ 2024ء) یکم رمضان کو اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، 100 انڈیکس تقریباً 1 ہزار پوائنٹس گر گیا، سٹاک مارکیٹ 65 ہزار پوائنٹس کی حد برقرار نہ رکھ سکی، سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 32ارب 46کروڑ 30لاکھ 55ہزار 313روپے ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز بڑی مندی ریکارڈ ہوئی، جس سے سرمایہ کاروں کے ایک کھرب سے زائد ڈوب گئے۔

رمضان المبارک کے آغاز پر بے قابو ہوتی مہنگائی او آئی ایم ایف کی مزید سخت شرائط کی اطلاعات پر مارکیٹ میں منگل کے روز مندی چھائی رہی۔ حصص بازار میں کاروبار کے دوران 100 انڈیکس کی 65000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 78فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جب کہ سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 32ارب 46کروڑ 30لاکھ 55ہزار 313روپے ڈوب گئے۔

(جاری ہے)

کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 104پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اس دوران گیس، سیمنٹ، سرمایہ کاری، بینکوں، ریفائنری سیکٹر کے حصص میں فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی جس سے ایک موقع پر 1091پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔

نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 953.60پوائنٹس کی کمی سے 64801.70پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 41.37فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 32کروڑ 17لاکھ 9ہزار 242 حصص کے سودے ہوئے جب کہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 328 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 57 کے بھاو میں اضافہ 254 کے داموں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔