شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کا پختہ عزم لے کر آئے ہیں، جام کمال

روایتی تجارتی نقطہ نظر سے آگے بڑھنے ،عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنانے کیلئے فعال اقدامات کو اپنانے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر تجارت

منگل 12 مارچ 2024 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کا پختہ عزم لے کر آئے ہیں۔ وزرات تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد کیا۔وفاقی وزیر تجارت کا استقبال وفاقی سیکرٹری تجارت کیپٹن (ر)محمد خرم آغا نے کیا۔

وفاقی سیکرٹری کی جانب سے افتتاحی بریفنگ کے دوران وزارت کے دائرہ کار اور مقاصد کا خاکہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر وزیر تجارت نے کہا کہ سرمایہ کاری اور مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر سہولت فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کا پختہ عزم لے کر آئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت نے کہا کہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ کان کنی، لائیو سٹاک اور ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں جدت لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہونے اور جدید طریقوں کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے، اس کے علاوہ روایتی تجارتی نقطہ نظر سے آگے بڑھنے اور عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے فعال اقدامات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ جام کمال خان کا تعلق این اے 257 لسبیلہ سے ہے وہ وزیراعلی بلوچستان بھی رہ چکے ہیں۔