وزیراعظم سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور

منگل 12 مارچ 2024 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے سالانہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے، تجارت، دفاع، رابطوں اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نیوزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیر سگالی ملاقات کی۔

سفیر نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ترکیہ کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے دوبارہ منتخب ہونے کے فوراً بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے تہنیتی ٹیلی فون کال اور مبارکباد کے پیغام کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی دوطرفہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں اور غیر متزلزل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کے سالانہ 5ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دونوں فریقوں سے تجارت، دفاع، رابطوں اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کان ففتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے کی کامیاب پرواز پر ترکیہ کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس دورے کے منتظر ہیں جو دونوں فریقوں کو اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآرڈینیشن کونسل کے ساتویں اجلاس کے دوران وسیع مشاورت کرنے کا ایک مفید موقع فراہم کرے گا۔