افسران ضلع میں انتظامی فرائض کی ادائیگی کے لئے متحرک ہیں اور اپنے فرائض کی ذمہ دارانہ ادائیگی کے لئے ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں،ڈپٹی کمشنر

Rana Saqib Saleem رانا ثاقب سلیم جمعرات 14 مارچ 2024 17:13

بہاولنگر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مارچ 2024ء ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت انتظامی افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے انقلابی اقدام نگہبان رمضان پیکج ، ستھرا پنجاب مہم، سڑکوں کی ضروری مرمت ، مارکیٹ میں کھادوں کی فراہمی،تجاوزات اور وال چاکنگ کا خاتمہ، سٹریٹ لائٹس اور واٹر فلٹر یشن پلانٹس کی درستگی، شجرکاری مہم ، پرائس کنٹرول،کھلے مین ہولز کی درستگی۔

جعلی ادویات کے خاتمے سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر  ذوالفقار احمد بھون کا کہنا تھا کہ افسران ضلع میں انتظامی فرائض کی ادائیگی کے لئے متحرک ہیں اور اپنے فرائض کی ذمہ دارانہ ادائیگی کے لئے ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں۔

(جاری ہے)

افسران کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر ہو رہی ہے خوبصورت اور ماڈل ضلع بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے،خستہ حال اور عرصہ دراز سے نظر انداز رہنے والی سڑکوں کی از سر نو تعمیر ، مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔

ضلع کے اینٹری پوائنٹس کو بھی مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر کی دیگر سڑکوں پر پیچ ورکس ، لین مارکنگ، سٹریٹ لائٹس، کیٹ آئزاور سائن بورڈز نصب کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔