مسلسل 3 روز کی مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1 ہزار سے زائد پوائںٹس کے اضافے سے 65 ہزار پوائنٹس کی حد سے اوپر چلا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 مارچ 2024 19:43

مسلسل 3 روز کی مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مارچ2024ء) مسلسل 3 روز کی مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1 ہزار سے زائد پوائںٹس کے اضافے سے 65 ہزار پوائنٹس کی حد سے اوپر چلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو 3روزہ مسلسل مندی کے بعد تیزی رہی، جس سے انڈیکس کی 65000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب 74فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1کھرب 39ارب 36کروڑ 38لاکھ 62ہزار 173روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی تمام دورانیے میں تیزی رہی جس سے ایک موقع پر 1157پوائنٹس کی بھی تیزی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1015.82پوائنٹس کے اضافے سے 65064.27پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

کاروباری حجم بدھ کی نسبت 25فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 31کروڑ 52لاکھ 47ہزار 601 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 336 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 248 کے بھاو میں اضافہ 72 کے داموں میں کمی اور 16 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔