جی ڈی اے تین سندھ اسمبلی کے ارکان کا حلف لینے کا معاملہ پیر صاحب پگارا کی ہدایت کے مطابق طے ہوگا ،سردار عبدالرحیم

الیکشن 2024 فراڈ تھے اور اس جانبدار الیکشن کمیشن کے تحت ضمنی انتخابات شفاف ہونے کی کوئی امید نہیں،سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے

جمعرات 14 مارچ 2024 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2024ء) جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہاہے کہ الیکشن 2024فراڈ تھے اور اس جانبدار الیکشن کمیشن کے تحت ضمنی انتخابات شفاف ہونے کی کوئی امید نہیں۔پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ جی ڈی اے ضمنی انتخابات بشمول سینٹ کے انتخاب میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کے تین سندھ اسمبلی کے ارکان کا حلف لینے کا معاملہ پیر صاحب پگارا کی ہدایت کے مطابق طے ہوگا ۔ جی ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں جمہوریت اور عوامی راے پر ایک بد نما داغ ہے ۔ ارسا کے چیئرمین کی تقرری کے حوالے سے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ کے مفادات کا تحفظ جی ڈی اے اپنی زمیداری سمجھتی ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے 2012 میں دہرہ بلدیاتی نظام رائج کرنے کی کوشش کی لیکن پیر صاحب پگارا نے عوامی قوت کے ساتھ اس مزموم کوشش کو ناکام بنا دیا اب ایک مر تبہ پھر سندھ کے آبی وسائل کو نقصان پہنچانے کی خاطر ایک ایسے شخص کو تعینات کیا جا رہا تھا جو سندھ دشمن شخصیت کے طور پر پہچانا جاتا ہے ،اللہ کا شکر ہے کہ جی ڈی اے نے سندھ کے خلاف یہ کوشش بھی ناکام بنا دی۔