پیاز اورکیلے کی برآمدپرپابندی کافیصلہ عارضی ،اس پرنظرثانی اورپابندی کی مدت میں کمی بھی لائی جاسکتی ہے، جام کمال

جمعہ 15 مارچ 2024 16:17

پیاز اورکیلے کی برآمدپرپابندی کافیصلہ عارضی ،اس پرنظرثانی اورپابندی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) قومی اسمبلی کو بتایاگیاہے کہ پیاز اورکیلے کی برآمدپرپابندی کافیصلہ عارضی ہے، فیصلے پرنظرثانی اورپابندی کی مدت میں کمی بھی لائی جاسکتی ہے۔جمعہ کوقومی اسمبلی میں زرعی اشیا کی برآمدات پرپابندی کے حوالے سے سید نویدقمر، سید خورشید شاہ اورشازیہ مری کے توجہ مبذول نوٹس پروفاقی وزیرجام کمال خان نے ایوان کوبتایاکہ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریے بارے رپورٹ پر بعض ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کازیادہ فرق پڑتاہے، اس بارے میں وزارت کے ساتھ رابطہ کاری ہورہی تھی اس کے ساتھ ساتھ صوبوں بالخصوص پنجاب حکومت کی جانب سے بھی زرعی مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے تشویش کااظہارکیاجارہاتھا اوران کامطالبہ تھا کہ مختصرمدت یعنی 15 اپریل تک کیلئے ان زرعی اشیا کی برآمد پرپابندی عائد کی جائے،اس صورتحال کے تناظرمیں وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں کیلا اورپیاز کی برآمد پرعارضی پابندی لگائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس معاملے پر کسانوں کی تشویش بجا ہے اوروہ توجہ مبذول نوٹس پیش کرنے والے ارکان کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیارہیں،اس فیصلے پرنظرثانی کی جاسکتی ہے اورپابندی کی مدت میں کمی بھی لائی جاسکتی ہے۔ جام کمال خان نے کہاکہ وہ کسانوں کے تحفظات سے آگاہ ہیں ، رمضان المبارک میں مہنگائی پرقابوپانے کیلئے اس طرح کا فیصلہ کیا گیاہے تاہم یہ عارضی قدم ہے، آئندہ دنوں میں اس مسئلے کاحل نکالاجائے گا۔ شازیہ مری کے سوال پرانہوں نے کہاکہ ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہمیں مشورہ دیا گیاتھا اورہمیں بتایاگیاتھا کہ اس سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔