وفاقی وزیراحسن اقبال کا ادارہ شماریات کا دورہ ، ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے کامیاب انعقاد پر ادارہ کو مبارکباد

جمعہ 15 مارچ 2024 19:10

وفاقی وزیراحسن اقبال کا ادارہ شماریات کا دورہ  ، ڈیجیٹل مردم شماری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیرصدارت ادارہ شماریات میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارہ شماریات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے کامیاب انعقاد پر ادارہ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ادارہ شماریات کی جانب سے مختلف امور پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی جن میں ڈیٹا فیسٹ 2024 کا انعقاد، معاشی مردم شماری کی تیاری جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو گی اور دیگر امور شامل ہیں ۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوے وفاقی وزیر نے کہا کہ ادارہ شماریات کی طرف سے ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کو ممکن بنانا قابل تعریف ہے ا ن کا کہنا تھا کہ ڈیٹا کسی بھی ملک کی ترقی میں سٹرٹیجک اثاثہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری سے حاصل ہونے والے ڈیٹا سے فائدہ اٹھانے کے لئے کام کرنا ہے۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے گا۔

ڈیٹا فیصلہ سازی کے معیار کو بڑھائے گا ، مردم شماری پر قومی اتفاق رائے ہوا ہے ،ڈیٹافیسٹ میں ملک بھر سے لوگ شریک ہو گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ادارہ شماریات یونیورسٹیوں کے ساتھ بھی روابط کو فروغ دے طلبہ اور محققین اس ڈیٹا سے استفادہ کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے آبادی میں زیادہ اضافے کے رحجان کو خطرناک قرار دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کی شرح کم کرکے پیداوار کو بڑھانا ہے ۔ انہوں نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ آبادی کی شرح کم کرنے پرکام کریں۔