= آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کیلئے ملکی آئین سے متصادم مطالبات کوقبول کرنے سے گریز کیا جائے ,سکندر حیات خان شیرپائو

جمعہ 15 مارچ 2024 19:40

× پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کیلئے ملکی آئین سے متصادم مطالبات کوقبول کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ ایسے حربوں سے ہماری خودمختاری کونقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔قومی وطن پارٹی کے سیکرٹریٹ وطن کور پشاور سے جاری کردہ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی طرف سے این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کیلئے وفاقی حکومت پر دبائوڈالا جارہا ہے جو کہ اٹھارویں آئینی ترمیم اور صوبائی خود مختاری کے منافی ہے۔

انھوں نے کہا کہ چند ٹکوں کی خاطر بیرونی ڈکٹیشن قبول نہ کی جائے کیونکہ آئی ایم ایف کا حالیہ مطالبہ نہ صرف ہمارے آئینی معاملات میں مداخلت ہے بلکہ صوبائی خود مختاری اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے خاتمے کیلئے سازشوں کے ایک نہ ختم ہونے والے سلسلے کی کڑی لگتی ہے جسے ناکام بنانے کیلئے قومی وطن پارٹی کے کارکن پوری تیار اور متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزیدکہا کہ صوبوں کے حقوق کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی حکمرانوں کو ملک کے آئینی حقوق کا سودا کرنے دیں گے۔

انھوں نے مزیدکہا کہ مضبوظ وفاقی اکائیاں ایک مستحکم وفاق کی علامت ہوتی ہے اور جب تک صوبے مستحکم نہیں ہوں گے تو ایک مضبوط وفاق کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ سکندر شیرپائو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی ایسے ایجنڈے کو ناکام بنایا جائے گا جس سے صوبہ خیبر پختونخوا کے حقوق اور پختونوں کے مفادات کو زچ پہنچنے کا اندیشہ ہوں۔