میرواعظ کا غیر قانونی طورپر نظر بند ہزاروں کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ

جمعہ 15 مارچ 2024 19:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ برسوں سے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہزاروں کشمیریوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں خیر سگالی کے جذبے کے تحت رہا کرے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کو جامع مسجد سرینگر میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ غیر قانونی طورپر بند کشمیری سخت مشکلات کی زندگی بسر کررہے ہیں اور دور دراز کی جیلوںمیں ہونے کی وجہ سے انکے اہلخانہ اور رشتہ دار وں کو ان سے ملاقات میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کشمیر یوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جو انتہائی باعث تشویش ہے۔انہوں نے رمضان المبارک میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اس حوالے سے انتظامیہ کی بے حسی کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ۔