پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان کے زیرِاہتمام ترک تمباکو نوشی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد

جمعہ 15 مارچ 2024 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے حوالے سے ترک تمباکو نوشی کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈزیزز بروری روڈ کوئٹہ کی جانب سے پروگرام ترتیب دیا گیا تھا جس میں سپیشلسٹ فیکلٹی سینیر ڈاکٹرز اور ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ماہرین نے سگریٹ، بیڑی، حقہ، شیشہ اور کسی بھی قسم کے تمباکو نوشی کے مضر اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ عوام الناس کو ان کے منفی اثرات سے آگاہ کرنے میں سوسائٹی کے کردار پر روشنی ڈالی اور سوسائٹی کی کوششوں کو سراہا۔ ماہرین نے زور دیا کہ رمضان المبارک میں ہم ان چیزوں سے دور رہتے ہیں اسی طرح باقی سارا سال بھی پرہیز کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان کا مہینہ عبادت، دعا اعمال کے ساتھ ساتھ ذہنی اور جسمانی نظم و ضبط کا بہترین ذریعہ ہے۔

جس میں سگریٹ نوشی سے پرہیز ایک اہم جز ہے۔ رمضان کی تربیت ہماری باقی روزمرہ زندگی پر بہت زیادہ اثر ڈال سکتی ہے۔ سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر مقبول احمد لانگو جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمود احمد شاہوانی پریس سیکرٹری پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان چیپٹر ڈاکٹر ضیاءالدین تمام کابینہ اور ممبران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سوسائٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے معاشرے کے ہر طبقے کے حوالے سے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اسکے علاوہ پاکستان چیسٹ سوسائٹی (بلوچستان) کا ایک اور اجلاس ڈاکٹر مقبول احمد لانگو کی صدارت میں منعقدہوا اجلاس میں 24 مارچ کے عالمی یوم ٹی بی کے دن کے حوالے سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے بات چیت ہوئی تمام ممبران نے بھرپور توجہ کے ساتھ اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ سینیر ممبران ڈاکٹر شیرین خان، ڈاکٹر عبدالجبار،اچکزئی، ڈاکٹر ثنائ اللہ ترین، ڈاکٹر فوزیہ، علی احمد، ڈاکٹر ناصر عظیم، ڈاکٹر عزیز اللہ، ڈاکٹر طاہر، ڈاکٹر عبدالوحید، ڈاکٹر سید امان اللہ ڈاکٹر اور بزدار، ڈاکٹر عبدالوحید، ڈاکٹر سید امان اللہ، ڈاکٹر اسد بزدار، ڈاکٹر جمال شاہ اور ڈاکٹر سعید نے بحث میں حصہ لیا۔

انہوں نے اپنی رائے اراکین کے سامنے رکھی۔ تمام ممبران کی قیمتی آرائ کو اجاگر کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 26 مارچ 2024 بروز منگل کو فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈزیزز کوئٹہ میں ورلڈ ٹی بی ڈے کے حوالے سے پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں ٹی بی پر جدید تحقیق، بیماری کی علامات، مرض کی بروقت تشخیص، بچائو کے طریقے اور علاج کے بارے میں تفصیلی مضامین پیش کیے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے ممبران تمام میڈیا الیکٹرانک پرنٹ سوشل میڈیا پر اس بیماری کے حوالے سے عوام کی آگاہی کے لیے مختلف پروگرام بھی کریں گے۔ اس سلسلے میں اسٹاف، نرسنگ اسٹاف اور فارماسیوٹیکل منیجرز، سپورٹ ٹی بی کنٹرول پروگرام میڈیا نمائندگان کی شمولیت کو خوش آمدید کہا جائے گا اور تمام سٹیک ہولڈرز (سٹاک ہولڈرز) کی شرکت پاکستان چیسٹ سوسائٹی کا اعزاز ہو گا۔ سوسائٹی کے صوبائی صدرمقبول احمد لانگو نے تمام ممبران کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور ورلڈ ٹی بی ڈے کے حوالے سے تمام ممبران کی کاوشوں کو خوش آئند قرار دیا۔