منشیات سمگلنگ کے خلاف کاروائیوں میں 150 کلو سے زائد منشیات برآمد، 6 ملزمان گرفتار،انسداد منشیات کارروائیوں کا سلسلہ جاری، ترجمان اے این ایف

ہفتہ 16 مارچ 2024 10:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2024ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اےاین ایف)نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں 11 مختلف کارروائیوں میں 150 کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کی جانب سے ہفتہ کو جاری تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر آسٹریلیا جانے والے پارسل سے 1.9 کلو آئس ،اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 31700 عدد نشہ آور گولیاں جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوسری کاروائی میں دبئی جانے والے مسافر سے 84 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے ہیں۔

اسی طرح ملتان ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 93 آئس بھرے کیپسولز اورلاہور میں جی پی او آفس میں گریس بھیجے جانے والے پارسل سے 950 گرام آئس جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر شارجہ بھیجے جانے والے پارسل سے 70 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق کچلاک کوئٹہ سے 75 کلو ہیروئن،کوسٹل ہائی وے پسنی کے قریب سے 55 کلو چرس ،داتا دربار لاہور کے قریب ملزم سے 2 کلو ہیروئن،طارق روڈ کراچی کے قریب ملزم سے 1.5 کلو آئس اور بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ملزم سے 690 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔