کراچی،پولیس مقابلوں میں 6اسٹریٹ کرمنل ہلاک،26زخمی ڈاکوئوں سمیت 37ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان سے 35مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور16موٹر سائیکلیں اور1 گاڑی برآمد کی گئی،ترجمان کراچی پولیس

اتوار 17 مارچ 2024 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) کراچی پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیئے گزشتہ ہفتے بھرپور کارروائیاں کی گئیں،اس دوران جرائم پیشہ عناصر سے مڈ بھیڑ کے دوران6اسٹریٹ کرمنل ملزمان ہلاک جبکہ شہر بھر میں مختلف مقامات پر 28مقابلوں میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد26زخمی ڈاکوئوں سمیت 37ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا۔

گرفتار ملزمان سے 35مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور16موٹر سائیکلیں اور1 گاڑی برآمد کی گئی۔ برآمدہ اسلحہ کو فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔کراچی پولیس کی جانب سے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 11مارچ کو نبی بخش پولیس نے فائرنگ تبادلے کے نتیجے میں 1 ملزم ہلاک جبکہ ساتھی ملزم زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کیا ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار رحمان ڈکیت گروہ سے تھا۔

(جاری ہے)

ہلاک ملزم ساربان بدنام زمانہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ رحمان ڈکیت کا بیٹااور خاندانی جرائم پیشہ ہے۔ملزم اولڈ سٹی ایریا لیاری میں خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے اور اغوا برائے تاوان، اقدام قتل، دہشت گردی، بھتہ خوری، گینگ ریپ، منشیات فروشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور سائوتھ زونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر764سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔

پولیس کی جانب سے منشیات کیخلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 79 کلو 946 گرام چرس، ہیروئن، 01 کلو 622 گرام آئس/کرسٹال اور 10 بوتلیں شراب کی برآمد کی گئی جبکہ منشیات کے خلاف مہم میں 9 مارچ کو ضلع کیماڑی تھانہ موچکو پولیس کی موچکو چیک پوسٹ پر کامیاب کارروائی کے دوران بین الصوبائی منشیات سپلائر گروہ کی3 کارندے گرفتارکیئے اور ملزمان کے قبضہ سی5 کلو آئس برآمد کی گئی۔

گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 125سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لیا گیا۔کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 53موٹرسائیکلیں اور 01 گاڑی برآمد کر کے تحویل میں لی گئی۔کراچی پولیس کیجانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات جاری رہینگے۔