اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ”یوم تحفظ ناموس رسالت“ کے حوالہ سے سیشنز کا اہتمام

پیر 18 مارچ 2024 16:35

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے تمام سرکاری اور نجی شعبہ ہائر سکولوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ”یوم تحفظ ناموس رسالت“ کی یاد میں سیشنز کا اہتمام کریں،ان سیشنز کے انعقاد کا مقصد لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کی ہدایات کے مطابق رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و آلہ وسلم کی عزت کے تحفظ پر مرکوز گفتگو اور سرگرمیوں میں طلبا، اساتذہ اور انتظامیہ کو شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ایچ ای آئیز کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے لیکچرز، سیمینارز اور انٹرایکٹو سیشنز کا اہتمام کیا جائے، ان اقدامات کا مقصد ایسے رجحانات سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات تجویز کرنا اور معاشرہ سے ان کے خاتمہ کیلئے کام کرنا ہے۔ یونیورسٹی آف ہری پور کے رجسٹرار ریاض محمد نے اس اقدام کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ادارہ کے اندر ایک محفوظ اور جامع ماحول کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، یہ سیشنز اہم سماجی مسائل پر غور کرنے اور بامعنی مکالمہ کا موقع فراہم کرتے ہیں۔