غزہ میں7 اکتوبرسے اب تک 13000 سے زائد معصوم بچے لقمہ اجل بن چکے ، شیر ی رحمان

پیر 18 مارچ 2024 22:09

غزہ میں7 اکتوبرسے اب تک 13000 سے زائد معصوم بچے لقمہ اجل بن چکے ، شیر ی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ایک بیان میں فلسطین میں اسرائیلی حملوں اور معصوم بچوں اور شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 13000 سے زائد معصوم بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں، زخمی اور لاپتہ ہیں،لاپتہ بچے ممکنہ طور پر ملبے تلے دب گئے ہیں،اسرائلی حملوں میں اب تک 31,645 فلسطینی شہید اور 73,676 زخمی ہو چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ جاری اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک میں جنگ بندی کے بجائے خوفناک حملوں کا سلسلہ جاری ہے،ایک بار پھر الشفا ہسپتال پر حملہ کیا گیا ہے، یہ دل دہلانے والے اعداد و شمار اس انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے جس کو دنیا 6 ماہ سے نظرانداز کر رہی ہے، شیری رحمان نے کہا کہ صورتحال فوری طور پر عالمی توجہ اور کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے،افسوس ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اب ایک نیا معمول بن چکا ہے جس پر کسی کو کوئی پرواہ نہیں،بچوں اور شہریوں کے خلاف اس طرح کا اندھا دھند تشدد انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا اس قتل عام کو کب روکے گی اور اسرائیل کو ان مظالم کے لیے جوابدہ ٹھہرائے گی