ماضی میں بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا کرنا پڑا ، موجودہ معاشی چیلنجز سے بھی نمٹا جاسکتا ہے،ڈاکٹر حفیظ پاشا

پیر 18 مارچ 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا کرنا پڑا مگر اس سے باہر آگئے، موجودہ معاشی چیلنجز سے بھی نمٹا جاسکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں میڈیم ٹرم اکنامک آٹ لک آف پاکستان کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا اور ملک کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ گذشتہ چار سال میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ کی اوسط ڈھائی فیصد رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آبادی بھی ڈھائی فیصد کے تناسب سے بڑھی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری اوسط آمدن میں کسی قسم کی بہتری نہیں آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کو کرونا اور سیلاب کی وجہ سے شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کی ایک خوبی ہے کہ ہم ایک پرعزم قوم ہیں ۔ 1971اور 1998میں بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم اس میں سے نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پندرہ سال میں ہماری ایکسپورٹ سالانہ دو فیصد کی شرح سے بڑھی ہیں جبکہ امپورٹس میں آٹھ سے نو فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور تجارتی خسارہ بڑھ گیا ہے۔

ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ ہمیں قرض ادائیگی کے لیے ہر سال 22سے 25ارب ڈالر چاہئیں،صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جو نقصان دہ قومی ادارے ہیں ان کے متعلق بھی ہمیں ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔ یا تو ان کی نجکاری کردی جائے یا پھر تنظیم نو کی جائے۔