فوربز کی ٹاپ 100 عرب فیملیز بزنسز میں سعودی اور اماراتی کمپنیاں سرفہرست

منگل 19 مارچ 2024 10:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) امریکی میگزین فوربز نے 100 طاقتور ترین عرب فیملیز بزنسز کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں سعودی اور اماراتی کمپنیاں سرفہرست ہیں ۔ اردو نیوز کے مطابق فہرست میں سعودی عرب کی 34، امارات کی 28 جبکہ قطر اور کویت کی سات سات کمپنیاں شامل ہیں، جو مجموعی فہرست کی 76 فیصد کمپنیز ہیں۔فہرست کے مطابق عرب دنیا میں فیملیز بزنسز میں سرفہرست سعودی عرب کا عبداللطیف جمیل گروپ، دوسرے نمبر پر امارات کا الفطیم گروپ جبکہ تیسرے نمبر پر مصر کا منصور گروپ ہے جو ٹاپ 10 کمپنیوں میں شامل واحد کمپنی ہے جو خلیجی فیملی کی ملکیت نہیں ہے۔

امارات سے فہرست میں الفطیم گروپ، ماجد الفطیم ہولڈنگ، الغریر انوسٹمنٹ اور داماک گروپ نمایاں طور پر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں فوربز مڈل ایسٹ کے مطابق محمد یوسف اور یاسین منصور برادرز امیر ترین عرب خاندان ہے جن کی مشترکہ دولت فروری 2024 کے تخمینے کے مطابق تقریباً 5.8 ارب ڈالر ہے۔ فوربز کے مطابق عرب دنیا کی فیملیز ملکیت والی کمپنیوں نے ہوٹل اور ریئل سٹیٹ کے روایتی سیکٹرز کے علاوہ دیگر سیکٹرز میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔

فیملیز بزنسز کامیابی سے نسل در نسل منتقل ہو رہے ہیں۔ فہرست میں شامل چھ ادارے 19 ویں صدی میں قائم ہوئے تھے جبکہ 26 ادارے 1950 سے پہلے قائم ہوئے اور چھ کمپنیز حالیہ صدی کے پہلے 25 سالوں میں قائم ہوئی ہیں جن کی اکثریت سابقہ کمپنیز کی تقسیم، فروخت یا انضمام کی وجہ سے وجود میں آئیں۔فہرست میں شامل قدیم ترین کمپنی عمان کا ’’تاول‘‘ گروپ ہے جو کہ 1866 میں قائم ہوا تھا۔